اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کے لیے اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے اوسط بنیادی بجلی ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ فیصلہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ہونے والی سماعت کے دوران پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی تفصیلی بریفنگ کے بعد سامنے آیا۔
ٰٓایگزو نیوز کے مطابق سماعت کے دوران پاور ڈویژن کے ایڈیشنل سیکریٹری نے نیپرا کو آگاہ کیا کہ بجلی کے نرخوں میں ممکنہ اضافے سے بچنے کے لیے حکومت نے سبسڈی میں مناسب اور بروقت ایڈجسٹمنٹ کر دی ہے، جس کے باعث بنیادی ٹیرف بڑھانے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔حکام کے مطابق جولائی کے بعد سے ملک کے انرجی مکس میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوئی۔سستے ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھنے کے باعث حکومت صارفین کو اضافی مالی بوجھ ڈالے بغیر ریلیف فراہم کرنے کے قابل ہوئی۔
پاور ڈویژن نے واضح کیا کہ تمام معاشی اور توانائی سے متعلق عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ حتمی فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ اوسط بنیادی ٹیرف کو برقرار رکھا جائے گا۔حکام کے مطابق اس وقت ملک بھر میں تمام کیٹیگریز کے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 629 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے تا کہ عوام کو نسبتاً سستی بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔حکومتی فیصلے کو مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ماہرین کے مطابق اگر انرجی مکس میں بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا تو مستقبل میں مزید سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔