Home » کچے میں بڑے آپریشن کی تیاری،سندھ میں ڈاکو راج کے خاتمے کا اعلان،ٹارگٹڈ کارروائیاں،سہولت کار بھی نہیں بچیں گے

کچے میں بڑے آپریشن کی تیاری،سندھ میں ڈاکو راج کے خاتمے کا اعلان،ٹارگٹڈ کارروائیاں،سہولت کار بھی نہیں بچیں گے

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے کچے کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کی بھرپور تیاری کی جا رہی ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس آپریشن کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کا مکمل خاتمہ اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ صوبے میں سرگرم نامی گرامی اور خطرناک ڈاکووں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں گی جبکہ جو افراد رضاکارانہ طور پر سرنڈر کرنا چاہیں گے،انہیں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے موقع فراہم کیا جائے گا  تاہم انہوں  نے دو ٹوک انداز میں خبردار کیا کہ وہ عناصر جو خود کو ناقابلِ شکست سمجھتے ہیں،ان کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر پنجاب پولیس کی مدد بھی حاصل کی جا سکتی ہے تاہم فی الحال آپریشن کے لیے فوج کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ پولیس مکمل طور پر اہل،تربیت یافتہ اور باصلاحیت ہے اور صوبے میں امن قائم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آپریشن کے دوران ڈاکووں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کو سہولت فراہم کرنے والوں کو بھی کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ سکھر اور لاڑکانہ رینج کے اعلیٰ پولیس حکام کے ساتھ ملاقات اور تفصیلی میٹنگ ہوئی ہے،جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال،جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے بعد سکھر،کشمور اور ملحقہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور وہاں پولیس کی موجودگی مزید موثر بنائی جائے گی۔ضیا الحسن لنجار نے انکشاف کیا کہ سندھ سے اغوا کیے جانے والے متعدد افراد کو پنجاب سے بازیاب کروایا گیا، جس پر پنجاب حکومت،پنجاب پولیس اور سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے،جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔وزیر داخلہ سندھ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ چاہے کوئی بھی ہو،تمام نامی گرامی ڈاکووں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے ایک بار پھر ڈاکووں کو ہتھیار ڈال کر سرنڈر کرنے کی پیشکش دہرائی اور کہا کہ قانون کے راستے پر آنے والوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے کسی فوجی آپریشن کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور سندھ پولیس اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس وقت سی پیک پر کانوائے نہیں چل رہے تاہم سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات مسلسل جاری ہیں۔

اس سے قبل وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت سکھر اور لاڑکانہ رینجز میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو،ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب،سمیت متعلقہ ضلعی ایس ایس پیز نے شرکت کی۔اس موقع پر آئی جی سندھ،ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی نے جرائم کے خلاف جاری پولیس اقدامات،آپریشنل پیش رفت اور حاصل کردہ کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچہ اور پکا ایریاز دونوں میں پولیس دستے مکمل طور پر متحرک اور مستعد ہیں،ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔جدید ٹیکنالوجی، ڈرون سرویلنس اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا مؤثر تعاقب کیا جا رہا ہے اور کچہ کے علاقوں میں پولیس کی مستقل موجودگی سے جرائم کی بیخ کنی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آپریشن کے دوران غلطیاں ہوجاتی ہیں اور اگر کوئی مشکل پیش آتی ہے تو حکومت سندھ پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو تسلی بخش اور قابلِ تحسین قرار دیا اور ہدایت کی کہ کچہ اور پکا ایریاز میں جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔وزیر داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ گھوٹکی سے ڈاکوؤں کے خلاف شروع کیئے جانیوالے میگا آپریشن کے لیے درکار لاجسٹک سپورٹ،جدید ڈرون،اسلحہ،گولہ بارود اور گاڑیوں سے متعلق سفارشات فوری طور پر ارسال کی جائیں، جنہیں بلا تاخیر منظور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کی ضروریات/وسائل وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی رہتی ہیں،لہٰذا متعلقہ ادارے بروقت آگاہ رکھیں تاکہ میگا آپریشن کسی بھی لمحے متاثر نہ ہوسکے اور ان درندہ صفت انسانیت دشمن عناصر کی بیخ کنی کا سلسلہ بلاتعطل جاری رکھا جاسکے،وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میگا آپریشن کو وہ خود لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کریں گے۔اجلاس کے دوران وزیر داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ کو ہدایات دیں کہ وہ بذات خود آئی جی پنجاب اور آر پی او بہاولپور سے رابطہ کریں اور انھیں اعتماد میں لے کر مشترکہ میگا آپریشن کے حوالے سے بھی جملہ ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں،انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب پولیس کے باہمی تعاون سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں اور آئندہ بھی مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رہیں گے۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے اجلاس کو ہدایات دیں کہ میگا آپریشن کے حوالے سے درکار وسائل پر مشمل سفارشات جلد ارسال کی جائیں تاکہ حکومت سندھ کی جانب سے جملہ سپورٹ اور توثیقی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز