Home » القسام بریگیڈ کو بڑا دھچکا، حماس نے ابو عبیدہ اور سینئر کمانڈرز کی شہادت تسلیم کر لی

القسام بریگیڈ کو بڑا دھچکا، حماس نے ابو عبیدہ اور سینئر کمانڈرز کی شہادت تسلیم کر لی

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

غزہ(ایگزو نیوز ڈیسک)فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ القسام بریگیڈز کے نئے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو بیان میں بتایا گیا کہ ابو عبیدہ سمیت تنظیم کے کئی اعلیٰ عسکری کمانڈر مختلف اسرائیلی حملوں میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
حماس کے مطابق ابو عبیدہ کا اصل نام حذیفہ الکحلوت تھا، جو گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے تک القسام بریگیڈز کے ترجمان کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ القسام کے میڈیا ونگ ”الاعلام العسکری“ کے سربراہ بھی تھے اور ان کے دور میں حماس کے عسکری میڈیا ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا۔ ابو عبیدہ کو غزہ میں حماس کی سب سے موثر،بااثر اور علامتی آواز تصور کیا جاتا تھا۔بیان میں بتایا گیا کہ ابو عبیدہ کا آخری ویڈیو پیغام ستمبر کے اوائل میں سامنے آیا تھا،جب اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں شروع کیں، علاقے کو جنگی زون قرار دیا گیا اور شدید بمباری کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوئے۔حماس کے عسکری ونگ نے تصدیق کی کہ ابو عبیدہ کے ساتھ ساتھ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد السنوار،رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شعبانہ،سینئر کمانڈر رائد سعد اور حکم العیسیٰ بھی اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔ القسام کے بیان کے مطابق یہ تمام رہنما رواں سال مختلف مقامات پر اسرائیلی بمباری اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران شہید ہوئے۔یاد رہے کہ اسرائیلی فوج اس سے قبل مئی 2025 میں محمد السنوار اور ستمبر 2025 میں ابو عبیدہ کو ہلاک کرنے کے دعوے کر چکی تھی، جن کی اب حماس نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ اس سے قبل حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ، تنظیم کے اہم رہنما یحییٰ سنوار اور القسام بریگیڈز کے بانیوں میں شامل محمد الضیف کی شہادت کی تصدیق بھی ہو چکی ہے۔ابو عبیدہ ہمیشہ نقاب میں نظر آتے تھے اور طویل عرصے تک ان کی شناخت خفیہ رکھی گئی۔ وہ جنگی صورتحال، محاذ کی پیش رفت، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اسرائیلی و فلسطینی قیدیوں کے تبادلے سے متعلق اہم بیانات جاری کرتے رہے، جنہیں عالمی میڈیا اور فلسطینی عوام میں غیر معمولی توجہ حاصل رہی۔نئے ترجمان نے اعلان کیا کہ حذیفہ الکحلوت اپنے پیچھے لقب ”ابو عبیدہ“ چھوڑ گئے ہیں، جبکہ حماس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ بھی القسام بریگیڈز کے ترجمان کے لیے یہی نام برقرار رکھا جائے گا۔ حماس کا کہنا ہے کہ شہدا کی قربانیاں مزاحمت کے عزم کو کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط کریں گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز