راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں فتنہ الخوارج کے خلاف خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کا سامنا رہا،جس میں پاک فوج کے بہادر افسر میجر عدیل زمان نے فرنٹ لائن سے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ان کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر عدیل زمان،جن کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا نے انتہائی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔علاقے میں کسی بھی ممکنہ خارجی دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔دوسری جانب شہید میجر عدیل زمان کی نمازِ جنازہ پشاور گیریڑن میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر داخلہ،کور کمانڈر پشاور،اعلیٰ عسکری و سول حکام اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے باجوڑ میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت افواجِ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔انہوں نے میجر عدیل زمان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہید افسر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر عدیل زمان نے جان دے کر بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی مقروض ہے اور یہ قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے زخمی افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور ان کی جرات، استقامت اور پیشہ ورانہ عزم کو سراہتے ہوئے جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔