Home » دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑا فیصلہ،میجر جنرل فیصل نصیر نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑا فیصلہ،میجر جنرل فیصل نصیر نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر

by ahmedportugal
34 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر کو نیشنل کاونٹر ٹیررازم اتھارٹی(نیکٹا) کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کردیا ہے،جس کے بعد وہ ملک میں انسدادِ دہشت گردی سے متعلق قومی سطح کی رابطہ کاری اور حکمتِ عملی پر عملدرآمد میں اہم ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی نیکٹا میں تعیناتی سیکنڈمنٹ کی بنیاد پر تین سال کے لیے کی گئی ہے۔ ان کی تقرری وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرری کا باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے ملک میں انسدادِ دہشت گردی کی قومی کوششوں میں مختلف وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔نیکٹا ملک کی انسدادِ دہشت گردی پالیسی،حکمت عملی کی تشکیل اور متعلقہ اداروں کے مابین کوآرڈی نیشن کے حوالے سے مرکزی قومی ادارے کی حیثیت رکھتا ہے۔

میجر جنرل فیصل نصیر کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کو دہشت گردی کے ایک پیچیدہ اور مسلسل سکیورٹی چیلنج کا سامنا ہے اور خیبر پختونخوا و بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔موجودہ صورتحال میں قومی سطح پر مختلف سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری، انٹیلی جنس شیئرنگ اور انسدادِ دہشت گردی کی حکمتِ عملی پر موثر عملدرآمد کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔میجر جنرل فیصل نصیر کو انسدادِ دہشت گردی اور سکیورٹی امور کے حوالے سے وسیع عملی تجربہ رکھنے والا افسر قرار دیا جاتا ہے۔وہ ہلالِ امتیاز(ملٹری) اور تمغہ بسالت کے حامل ہیں۔ان کی نئی ذمہ داری میں دہشت گردی کے بدلتے ہوئے خطرات کے تناظر میں متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مزید موثر بنانا اور قومی انسدادِ دہشت گردی حکمتِ عملی کے نفاذ میں معاونت کرنا شامل ہوگا۔حکومتی فیصلے کے تحت نیکٹا میں یہ اہم تعیناتی نیکٹا ایکٹ 2013 کے قانونی فریم ورک کے تحت کی گئی ہے اور نیشنل کوآرڈینیٹر کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے۔

دریں اثنا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد دیگر اہم سرکاری اداروں میں بھی متعدد تقرریوں،تبادلوں اور مدتِ تعیناتی میں توسیع کے احکامات جاری کیے ہیں۔نوٹیفکیشنز کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی اور سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 21 کے افسر محمد ریاض الدین خان کو اسٹیٹ لائف انشورنس کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کردیا گیا ہے۔وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کے کنٹریکٹ میں بھی 4 ستمبر 2026 سے مزید ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے جبکہ وزیراعظم آفس کے جوائنٹ سیکریٹری جہانگیر مشتاق کی تعیناتی میں بھی ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔اسی طرح تقرری کے منتظر پولیس سروس گریڈ 20 کے نوید احمد نثار خواجہ کی خدمات فرنٹیئر کانسٹیبلری کے سپرد کردی گئی ہیں جبکہ پولیس سروس گریڈ 20 کے محمد کریم خان کی خدمات وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کے حوالے کی گئی ہیں۔پولیس سروس گریڈ 19 کے احسن سیف اللہ کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں تقرری کے منتظر گریڈ 20 کے افسر عمران جاوید کی بیرونِ ملک 14 روزہ رخصت بھی منظور کرلی گئی ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق مذکورہ تمام تقرریاں، تعیناتیاں اور مدت میں توسیع متعلقہ نوٹیفکیشنز اور وفاقی حکومت کی منظوری کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز