پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی منصوبہ بند سول نافرمانی کی تحریک ملتوی کر دے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اچکزئی، جو اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کے صدر ہیں، نے ملک کے اہم مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسائل کو بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے تو اس سے بہتر کوئی چیز نہیں، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو تحریک کو آگے بڑھانا پڑے گا۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین نے مزید تجویز دی کہ کامیاب مذاکرات سے چار ماہ کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں۔ اچکزئی نے پی ٹی آئی کی دعوت پر کل پشاور کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا تاکہ وہ کرم اور پی ٹی آئی کے شہداء کیلئے دعا کریں۔
دریں اثناء پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کیلئے کوئی شرط نہیں رکھی گئی تاہم مطالبات ضرور پیش کیے گئے۔