Home » مہاتیر محمد کی اہلیہ ڈاکٹر حسما محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں،سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات کا اعلان

مہاتیر محمد کی اہلیہ ڈاکٹر حسما محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں،سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات کا اعلان

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

کوالالمپور(ایگزو نیوز ڈیسک)ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ اور معروف ڈاکٹر حسما محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ان کی وفات 28 ستمبر کو کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں ہوئی،جس کی تصدیق ان کے بیٹے نے کی۔
ملائیشین میڈیا اور سرکاری خبر رساں ادارے برنامہ کے مطابق ڈاکٹر حسما محمد علی نے پیر کی صبح آخری سانس لی۔ان کے انتقال کی خبر کی تصدیق ان کے بیٹے تان سری مخزانی مہاتیر نے کی۔ڈاکٹر حسما محمد علی نے رواں برس 12 جولائی کو اپنی 100ویں سالگرہ منائی تھی۔وہ ملائیشیا کی ابتدائی خواتین ڈاکٹروں میں شمار ہوتی تھیں اور طب،صحتِ عامہ اور سماجی بہبود کے شعبوں میں طویل خدمات انجام دیتی رہیں۔ان کی پیدائش 12 جولائی 1926 کو ہوئی تھی۔انہوں نے سنگاپور کے کنگ ایڈورڈ ہفتم کالج آف میڈیسن سے طب کی تعلیم حاصل کی اور 1955 میں اپنی طبی تعلیم مکمل کی۔بعد ازاں انہوں نے ملائیشیا کے محکمہ صحت میں خدمات انجام دیں اور مختلف علاقوں میں بطور طبی افسر کام کیا،جہاں ان کی توجہ صحتِ عامہ،ماں اور بچے کی صحت سمیت دیگر طبی شعبوں پر رہی۔ڈاکٹر حسما محمد علی نے 5 اگست 1956 کو مہاتیر محمد سے شادی کی تھی۔دونوں کی ازدواجی زندگی تقریباً 70 برس پر محیط رہی اور رواں برس اگست میں انہوں نے اپنی شادی کی 70ویں سالگرہ بھی منائی تھی۔اس جوڑے کے سات بچے ہیں۔مہاتیر محمد جب پہلی مرتبہ 1981 سے 2003 تک اور پھر 2018 سے 2020 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے تو ڈاکٹر حسما محمد علی نے ان کی اہلیہ کی حیثیت سے بھی مختلف عوامی اور سماجی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر حسما نے اپنے شوہر کے طویل سیاسی سفر کے دوران صحتِ عامہ اور سماجی بہبود سے متعلق متعدد سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ذرائع کے مطابق انہوں نے ماں اور بچے کی صحت،خاندانی منصوبہ بندی، خواندگی، منشیات کے استعمال کی روک تھام اور ذہنی صحت جیسے معاملات کے حوالے سے بھی آگاہی کے لیے کام کیا۔ان کی وفات پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا ڈاکٹر حسما محمد علی کی خدمات اور ان کی سماجی و قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے ان کی وفات کو ملک اور معاشرے کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔انور ابراہیم نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر حسما محمد علی کی آخری رسومات ریاستی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ انہوں نے حکومت کے اعلیٰ حکام اور مسلح افواج کے سربراہ کو آخری رسومات کے انتظامات میں معاونت اور مرحومہ کو ریاستی اعزاز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ملائیشین وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ وہ خود ڈاکٹر حسما محمد علی کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے اور سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اور ان کے خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا۔ڈاکٹر حسما محمد علی کی وفات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وہ اپنی زندگی کی ایک صدی مکمل کرچکی تھیں۔ ان کی طویل طبی اور سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ مہاتیر محمد کے ساتھ تقریباً سات دہائیوں پر محیط ازدواجی رفاقت بھی ان کی زندگی کا نمایاں حصہ رہی، جبکہ ملائیشیا میں انہیں صحتِ عامہ اور سماجی بہبود کے لیے خدمات انجام دینے والی اہم شخصیات میں یاد کیا جارہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز