پاکستانی ٹیم پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترنے کیلئے تیار، کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ گرین شرٹس پروٹیز کے ہوم ریکارڈ سے خوفزدہ نہیں ہیں اور حقیقت میں وہ ایک کامیاب سیریز کے منتظر ہیں۔
کنگس میڈ کرکٹ اسٹیڈیم، ڈربن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، رضوان نے کہا کہ ٹیم نے حال ہی میں آسٹریلیا اور زمبابوے میں ختم ہونے والی وائٹ بال سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے سینئر کرکٹرز کے ساتھ اچھا کھیل پیش کیا ہے اور وہ سینئر ٹیم کے ساتھیوں کے تجربے سے سیکھ رہے ہیں۔
ٹیم سلیکشن پر بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ پلئنگ الیون کا انتخاب جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور سلیکٹرز یقینی طور پر پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 اور بھارت میں مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے مختلف کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔
فخر کے نان سلیکشن کے بارے میں پوچھے جانے پر رضوان نے کہا کہ بائیں ہاتھ کا بلے باز گیم چینجر ہے اور پورا ملک ان کی صلاحیتوں سے واقف ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ فخر کو صحت کے معمولی مسائل کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔