برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے لندن کے میئر صادق خان کو نئے سال کی اعزازی فہرست میں نائٹ کے خطاب سے نواز دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق صادق خان لندن کے میئر کے طور پر ریکارڈ تیسری بار جیتنے کے بعد نئے سال کی اعزازی فہرست میں نائٹ قرار دیے گئے ہیں۔ اس اعزاز کے بعد صادق خان کے نام سے پہلے سر بھی لکھا جائے گا۔
دارالحکومت میں ایک پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے سر صادق نے کہا کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے پر "واقعی عاجز” ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے جنوبی لندن کی ایک کونسل اسٹیٹ میں پروان چڑھتے ہوئے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں ایک دن لندن کا میئر بنوں گا۔ یہ میری زندگی کا اعزاز ہے کہ میں اس شہر کی خدمت کروں جس سے میں محبت کرتا ہوں اور میں اس کی تعمیر جاری رکھوں گا۔ زیادہ محفوظ، سرسبز اور خوشحال لندن جس کی دارالحکومت کی تمام کمیونٹیز مستحق ہیں۔
سر صادق ٹوٹنگ، ساؤتھ لندن میں پاکستانی والدین کے ہاں پیدا ہوئے، انہوں نے 2005 میں اپنے آبائی شہر کیلئے پارلیمنٹ میں بطور رکن پارلیمان داخل ہونے سے پہلے انسانی حقوق کے وکیل کے طور پر کام کیا، گورڈن براؤن کے تحت جونیئر منسٹر اور پھر ایڈ ملی بینڈ کے تحت شیڈو جسٹس سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔
2016 میں انہوں نے زیک گولڈ اسمتھ کو شکست دیکر لندن کے میئر کا انتخاب جیت کر ایک بڑے مغربی شہر کے پہلے مسلمان میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
سر صادق نے بطور میئر لندن کی ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے پر کام کیا ہے، نومبر میں لندن اوور گراؤنڈ ریلوے لائنوں کے نام اور رنگ متعارف کرائے ہیں۔