ممبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)ہندوستانی فلم انڈسٹری کے مشہور اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں وفات پا گئے، 24 نومبر کی صبح سوشل میڈیا پر وڈیوز وائرل ہوئیں جن میں ان کے ممبئی کے گھر کے باہر ایمبولینس دیکھی گئی، جس سے ان کی حالت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوئیں۔ بھارتی میڈیا نے تصدیق کی کہ بولی و±ڈ کے معروف ہیرو اور دھرم پا جی کے نام سے جانے جانے والے دھرمیندر اب ہم سب میں نہیں رہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی دھرمیندر کے انتقال کی جھوٹی خبریں سامنے آئی تھیں، جس پر ان کی بیٹی ایشا دیول اور اہلیہ ہیما مالینی نے فوراً وضاحت کی تھی کہ وہ صحت مند ہیں اور بحالی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ ایشا دیول نے انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ ”میڈیا غلط خبریں پھیلا رہا ہے۔ میرے والد صحت مند اور بحالی کے مراحل میں ہیں، ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہماری فیملی کی پرائیویسی کا احترام کریں۔“ ہیما مالینی نے بھی کہا تھا کہ یہ ناقابل معافی ہے کہ ذمہ دار چینلز ایسے غلط خبریں پھیلا رہے ہیں جبکہ وہ علاج کے دوران ہیں اور صحتیاب ہو رہے ہیں، براہ کرم فیملی کی پرائیویسی کا احترام کریں۔“دھرمیندر کی صحت سے متعلق تشویشناک خبر گزشتہ ماہ سامنے آئی تھی، جب انہیں سانس لینے میں دشواری کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ وہ کچھ وقت کے لیے وینٹیلیٹر سپورٹ پر بھی رہے۔ ہسپتال میں قیام کے دوران بولی و±ڈ کے بڑے ستارے شاہ رخ خان، سلمان خان اور آریان خان سمیت ان کے بچے سنی دیول، بوبی دیول اور ایشا دیول نے ان سے ملاقات کی۔دھرمیندر نے 1960 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی بولی و±ڈ کے سپر اسٹار بن گئے۔ ان کے کیریئر میں 300 سے زائد فلمیں شامل ہیں، جن میں سے کئی آج بھی کلاسک سمجھی جاتی ہیں۔ ان کے یادگار کرداروں میں ”شولے“ میں ویرو، ”پھول اور پتھر“، ”سیتا اور گیتا“، ”چپکے چپکے“، ”دھرم ویر“ اور ”پرتگیا“ شامل ہیں۔اداکار کو 1997 میں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور 2012 میں بھارت کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا۔ ان کی آخری فلمیں 2024 کی ”تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا“ اور ”آئیکیس“ ہیں۔دھرمیندر کے بعد ان کی اہلیہ ہیما مالینی، پہلی اہلیہ پرکاش کور، بچے سنی دیول، بوبی دیول اور بیٹیاں ایشا اور آہانا دیول باقی ہیں۔ فلمی شائقین اور مداح ان کے انتقال پر غمزدہ ہیں، اور بولی و±ڈ میں ایک عظیم ہیرو کا خلا محسوس کیا جا رہا ہے۔
ہندوستانی فلم انڈسٹری کا عظیم ہیرو دھرمیندر 89 برس میں دنیا سے منہ موڑ گیا،مداح اور فلمی دنیا سوگوار
5