لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری ایک عظیم فنکار سے محروم ہو گئی۔ اسٹیج، ٹی وی اور فلم کے نامور اداکار انور علی 71 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے،وہ کافی عرصے سے پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور کئی دنوں سے زیرِ علاج رہے تاہم گزشتہ شب طبیعت بگڑنے پر انہیں رائیونڈ روڈ کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے،مرحوم کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر ماڈل ٹاون لنک روڈ پر ادا کی جائے گی جس میں عزیز و اقارب،شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد اور مداح بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق انور علی کو پاکستان کی فلم اور تھیٹر کی تاریخ کے عظیم مزاحیہ اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے،اپنے منفرد اسلوب،برجستہ مکالموں اور بے مثال طنز و مزاح سے انہوں نے لاکھوں دل جیتے اور ناظرین کو برسوں محظوظ کیا،ان کی فنی خدمات کے باعث وہ سٹیج اور ٹی وی کے سنہرے دور کی یادگار شخصیت سمجھے جاتے تھے۔انہوں نے “ابابیل”، “ہوم سویٹ ہوم” اور “اندھیرا اجالا” سمیت درجنوں مقبول ٹی وی ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے اور اپنے فن سے شہرت کی وہ بلندی حاصل کی جس پر آج بھی ان کا نام فخر سے لیا جاتا ہے۔شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی کے بعد انور علی نے خود کو مکمل طور پر مذہب کے لیے وقف کر دیا اور ایک پرسکون، سادہ زندگی گزارنے لگے۔ان کی وفات کی خبر نے نہ صرف ان کے چاہنے والوں بلکہ فن سے وابستہ برادری کو بھی گہرے غم میں مبتلا کر دیا۔ ساتھی فنکاروں اور مداحوں نے ان کے انتقال پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انور علی کا خلا برسوں تک پر نہیں کیا جا سکے گا۔
لیجنڈری اداکار انور علی طویل علالت کے بعد 71 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت،نماز جنازہ کب اور کہاں ادا ہو گی؟اعلان ہو گیا
25