Home » سردار تنویر الیاس پر حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری،سیاسی و سماجی رہنماوں کا شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

سردار تنویر الیاس پر حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری،سیاسی و سماجی رہنماوں کا شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان سے ان کی رہائش گاہ پر سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں رہنماوں نے ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر ان کے قافلے پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیئرمین اوورسیز پاکستان فاونڈیشن سید قمر رضا نے سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور حملے کو امن، جمہوری اقدار اور سیاسی رواداری کے خلاف سنگین اقدام قرار دیا۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا راستہ روکا جا سکے۔ملاقات کے دوران سید قمر رضا نے سابق وزیراعظم کے ذاتی محافظ، ریٹائرڈ ایس ایس جی کمانڈو سردار محمد آصف کی بہادری اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا،جنہوں نے حملے کے دوران سابق وزیراعظم کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

اس سے قبل سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان اور سردار کامران سدوزئی نے بھی سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ملاقات کے موقع پر سردار تنویر الیاس خان کے دادا چیئرمین سردار محمد شریف خان اور چچا سردار محمد ادریس خان بھی موجود تھے۔سردار محمد یعقوب خان نے ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات جمہوری اقدار اور امن کے لیے خطرہ ہیں۔انہوں نے حکومت اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں، منتخب نمائندوں،سماجی شخصیات اور معززین نے بھی سردار تنویر الیاس خان سے ملاقاتیں کیں اور حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔ملاقاتوں کے دوران شرکاء نے کہا کہ عوامی حقوق کے نام پر قانون ہاتھ میں لینا،مسلح گروہوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانا اور سیاسی شخصیات کو تشدد کا نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی رٹ،آئین اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنا حکومت اور اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جبکہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم کے محافظ شہید سردار محمد آصف کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔دریں اثنا استحکام پاکستان پارٹی کے مختلف عہدیداران اور امیدواران سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماوں نے بھی سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کی،ان کی خیریت دریافت کی اور حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید محافظ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز