Home » میانوالی میں سونے کی مبینہ چوری پر ایوان میں ہنگامہ،علی حیدر نور نیازی کا شدید احتجاج،حکومت سے فوری انکوائری کا مطالبہ

میانوالی میں سونے کی مبینہ چوری پر ایوان میں ہنگامہ،علی حیدر نور نیازی کا شدید احتجاج،حکومت سے فوری انکوائری کا مطالبہ

by ahmedportugal
16 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب اسمبلی کا اجلاس اس وقت خاصا گرم ہو گیا جب میانوالی میں سونے کے مبینہ ذخائر کی چوری کے معاملے پر رکن اسمبلی علی حیدر نور نیازی نے ایوان میں شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ان کے موقف نے نہ صرف ایوان کے ماحول کو متنازع بنا دیا بلکہ حکومت سے فوری اور شفاف انکوائری کے مطالبے نے معاملے کو مزید اہم اور حساس بنا دیا ہے،جس پر ایوان میں مختلف آرا اور سخت ردعمل بھی سامنے آیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ضلع میانوالی میں سونے کے مبینہ ذخائر کی چوری کا معاملہ زیرِ بحث آ گیا،جہاں مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی علی حیدر نور نیازی نے اس حوالے سے ایوان میں شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔انہوں نے توجہ دلاو نوٹس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میانوالی میں دریافت ہونے والے سونے کے ذخائر کو مبینہ طور پر ایکسیویٹرز کے ذریعے غیر قانونی طور پر نکالا گیا تاہم آج تک اس چوری شدہ سونے میں سے ایک تولہ بھی واپس حاصل نہیں کیا جا سکا۔رکن اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ بعض علاقوں میں بڑی تعداد میں ایکسیویٹرز کے ذریعے غیر قانونی کھدائی کی گئی،جہاں ہر ایکسیویٹر سے مبینہ طور پر تین تولے سونا نکالا جاتا رہا۔ان کے مطابق رحمان آباد کے علاقے میں 800 سے 900 ایکسیویٹرز تک استعمال ہونے کے شواہد موجود ہیں،جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عیسیٰ خیل کے علاقے میں مبینہ طور پر ایک ایس ایچ او کی معاونت سے گندم کی سمگلنگ بھی کی گئی اور بعد ازاں اسی افسر کو ترقی دے کر اہم ذمہ داری سونپی گئی،جس پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔رکن اسمبلی نے ایوان کو بتایا کہ اگر انتظامی نگرانی موثر ہو تو ایک تولہ سونا بھی چوری نہیں ہو سکتا تاہم ان کے مطابق بعض کرپٹ عناصر کی ملی بھگت سے قیمتی وسائل کا نقصان ہوا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ ذمہ داران کا تعین ہو سکے اور مستقبل میں اس نوعیت کی مبینہ چوریوں کو روکا جا سکے۔

دوسری جانب ڈپٹی سپیکر نے معاملہ محکمہ معدنیات اور متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔اجلاس میں وزیر خزانہ نے بھی میانوالی میں درج مقدمات اور کارروائیوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کیں،جس کے بعد معاملہ مزید غور کے لیے متعلقہ فورم کو بھجوا دیا گیا۔یہ معاملہ ایوان میں سیاسی گرما گرمی کا باعث بنا رہا اور اپوزیشن و حکومتی ارکان کے درمیان اس پر مختلف آراء سامنے آئیں جبکہ تحقیقات کے نتائج کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز