خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں پترک کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے بچوں اور خواتین سمیت کم از کم 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق دیر بالا کے علاقے پترک کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں محمد علی نامی شخص کا رہائشی مکان منہدم ہوگیا۔ اس آفت نے چھ بچے، تین خواتین اور تین مردوں سمیت 12 افراد کی جان لے لی۔ امدادی ٹیموں کو ملبے سے لاشوں کو نکالنے میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے نے مقامی کمیونٹی کو صدمے میں ڈال دیا ہے، اور حکام لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مون سون کی تازہ لہر پاکستان بھر کے شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ کے ساحلی علاقوں میں مزید بارشوں کی وارننگ جاری کردی ہے۔ این ڈی ایم اے نے ماہی گیروں کو مشورہ دیا کہ وہ موسم کی شدید خرابی کے پیش نظر اگلے 48 گھنٹوں تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور حیدرآباد سمیت کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، مٹیاری، عمرکوٹ کے علاوہ میرپور خاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو اور شاہد بینظیر آباد میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔