لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے لاہور میں مہنگی ترین شادیوں اور بغیر ٹیکس کے ہونے والی تقریبات کے معاملے پر بڑی پیش رفت کرتے ہوئے شہر کے 100 سے زائد لگژری فارم ہاوسز کی نشاندہی کرلی ہے،جہاں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری آمدن کے باوجود کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا جا رہا تھا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ویجیلنس ونگ نے خفیہ نگرانی اور طویل جائزے کے بعد ان فارم ہاوسز کی فہرست تیار کی، جن میں سے متعدد نہ صرف پی آر اے سے رجسٹرڈ نہیں تھے بلکہ زیرو ٹیکس پر بینکوئٹ، شادیوں اور دیگر خصوصی تقریبات کا انعقاد کرتے رہے۔ذرائع نے بتایا کہ فارم ہاوسز کی بھاری فیسوں کے باوجود حکومتی خزانے میں ایک روپیہ بھی جمع نہیں کرایا جا رہا تھا، جس کے باعث پی آر اے نے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق باضابطہ انسپکشن اور ٹیکس آڈٹ جلد شروع کیا جائے گا۔پی آر اے نے واضح ہدایات جاری کردی ہیں کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام فارم ہاوسز کو لازمی طور پر اتھارٹی کے ساتھ رجسٹر ہونا ہوگا، شادی سمیت ہر قسم کی تقریب پر مقررہ ٹیکس کی ادائیگی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے فارم ہاوسز کے خلاف بھاری جرمانوں کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔پی آر اے ذرائع کے مطابق حکومتی ریونیو میں اضافے اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن آئندہ چند روز میں شروع کر دیا جائے گا۔
لاہور کے پوش فارم ہاوسز پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ریڈار پر آ گئے،وسیع پیمانے پر کریک ڈاون کا فیصلہ
12