لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور میں غیر ملکی کرکٹ میچز پر آن لائن سٹے بازی کروانے والے ایک منظم نیٹ ورک کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، کارروائی خفیہ اطلاع پر چوکی ایل بلاک کے انچارج ذوالفقار علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی، جس کے دوران زاہد حمید اور محمد عاطف کو حراست میں لیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے نہ صرف انٹرنیشنل کرکٹ میچز پر سٹے بازی کروا رہے تھے بلکہ گروپ بیٹنگ کے منظم نیٹ ورک بھی چلا رہے تھے۔ملزمان آن لائن اکاونٹس کے ذریعے لوگوں کو جوئے کی ترغیب دیتے اور مالی لین دین بھی ڈیجیٹل ذرائع سے انجام دیتے تھے۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے متعدد موبائل فونز،ایل سی ڈی،لیپ ٹاپ اور ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے سے زائد نقد رقم برآمد کی گئی،جو جوئے کے کاروبار سے حاصل ہونے کا شبہ ہے۔پولیس نے تمام برآمد شدہ سامان قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے تا کہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا سکے ۔ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے غیر قانونی سرگرمی کے خلاف موثر کارروائی پر چوکی انچارج ذوالفقار علی اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آن لائن جرائم اور سٹے بازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔
لاہور میں آن لائن سٹے بازی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب،غیر ملکی کرکٹ میچز پر جوا کرانے والے گرفتار
5