اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سری لنکا نے کوسل مینڈس کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ کو پہلے ون ڈے میں 19 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے،جس میں کوسل مینڈس کی شاندار اننگز نمایاں رہیں۔مینڈس نے بغیر آوٹ 93 رنز بنائے اور ٹیم کو مضبوط سکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا،جینتھ لیانگے نے 46 اور کمیل مشرا 27 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 10 اوورز میں صرف 44 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ریحان احمد،لیام ڈاوسن اور سیم کرن نے ایک،ایک وکٹ حاصل کر کے سپورٹ فراہم کی۔
ایگزو نیوز کے مطابق 272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 252 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔انگلینڈ کی اننگز میں بین ڈیکٹ 62 اور جو روٹ 61 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جیمی اوورٹن نے 34،ریحان احمد نے 27،جوش بٹلر نے 19 اور جیکب بیتھل نے 15 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے پرمود مدھوشن نے تین وکٹیں حاصل کیں،ڈونتھ ولینگے اور جیفری وینڈرسے نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔چریتھ اسالانکا،دھننجے ڈی سلوا اور اسیتھا فرنینڈو نے ایک،ایک وکٹ حاصل کر کے انگلینڈ کی اننگز کو محدود کیا۔یہ جیت سری لنکا کے لیے اعتماد بڑھانے والی ہے اور سیریز میں انہیں آغاز میں ہی برتری فراہم کر گئی ہے جبکہ انگلینڈ کو اب سیریز میں اپنے کھیل کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
کوسل مینڈس کی شاندار اننگز، سری لنکا نے انگلینڈ کو پہلے ون ڈے میں 19 رنز سے شکست دے دی
3