کرم ضلع میں ادویات کی شدید قلت کے نتیجے میں کم از کم 29 بچے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید میر حسن جان نے تصدیق کی کہ یکم اکتوبر سے ضروری ادویات اور صحت کی بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو مناسب علاج فراہم کرنے سے قاصر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 29 بچوں کی اموات کے علاوہ، کئی دوسرے مریض بھی سرجیکل خدمات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مر چکے ہیں۔
میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے واضح کیا کہ ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ پشاور سے ادویات کا سٹاک موصول ہوا تھا لیکن وہ ہسپتال کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کافی نہیں تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں جھڑپوں کی وجہ سے ہسپتال میں ادویات اور جراحی کے سامان کی بڑی کھپت ہوئی۔ ایسے حالات میں ادویات اور دیگر رسد کی قلت کا مسئلہ ضرور پیدا ہوگا۔