خیبر پختونخواہ (کے پی) حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے آئی جی پی علی ناصر رضوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے شرقی پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کے پی سٹیٹ آفیسر کی جانب سے کے پی کابینہ کے فیصلے کے بعد درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں آئی جی پی رضوی اور 600 سے زائد پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست تھانہ شرقی کے ایس ایچ او کو دی گئی۔
پولیس اس درخواست کو اپنی رائے کے لیے لیگل برانچ کو بھیجے گی۔ کے پی کابینہ نے پہلے 5 اکتوبر کو ایک واقعے کے بعد آئی جی پی اسلام آباد رضوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا تھا، جہاں اسلام آباد میں کے پی ہاؤس کو مبینہ طور پر پولیس کی کارروائی سے نقصان پہنچا تھا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔
علی ناصر رضوی، جنہیں 29 مارچ 2024 کو وفاقی دارالحکومت کے لیے نئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، وہ ایس ایس پی آپریشنز، ڈی پی او قصور، اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سمیت مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔