اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قومی تشخص کو مجروح کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے سخت ردعمل میں علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مساجد و مدارس سے متعلق وزیراعلیٰ کا بیان نہ صرف غیر ذمہ دارانہ بلکہ پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دینی مراکز اور عبادت گاہوں کی محافظ ہے، انہیں کبھی غیر محفوظ نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ وزیراعلیٰ کو شعور و احتیاط کی تلقین کرے تاکہ سیاسی مخالفت کی آڑ میں قومی اداروں کے وقار پر حملے نہ کیے جائیں۔علامہ اشرفی نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کو اس حد تک نہ لے جایا جائے کہ ملک، قوم اور افواجِ پاکستان کا احترام داو پر لگ جائے۔سہیل آفریدی کا بیان حقیقت سے کوسوں دور اور محض نفرت انگیز سیاسی بیانیے کا حصہ ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی وزیراعلیٰ کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف استعمال کرنا انتہائی خطرناک رجحان ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو تحمل اور بردباری سے کام لینا چاہیے۔ تمام سیاسی قوتوں کو ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔فیصل کنڈی نے واضح کیا کہ پاک فوج کے عزائم پر سوال اٹھانا دراصل عوامی سلامتی اور قومی اتحاد کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہایت جذباتی انداز میں کہا تھا کہ آپ جو ملٹری آپریشن کی بات کر رہے ہیں، آپ کو پتا ہے اس سے تکلیف کتنی ہوتی ہے؟ درد کتنا ہوتا ہے؟میں دیکھ چکا ہوں،مجھ پر بیت چکی ہے،میں نے اپنے خاندان کی 10-10 لاشیں ان ہاتھوں سے اٹھائیں ہیں،ہم جب لاشیں اٹھاتے تھے تو سکیورٹی فورسز والے ہم پر فائرنگ کرتے تھے،یہ ہماری مسجدوں میں کتے باندھ دیتے تھے، جب ہم کہتے تھے کہ یہ کتے مسجد کی توہین ہے تو یہ کہتے تھے کہ کتے اور آپ ایک ہی بات ہے۔