کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا سے کراچی تک پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے نظریاتی رشتے اور کارکنوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کراچی پہنچے،جہاں انہوں نے کراچی سٹریٹ موومنٹ کے دوران جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کارکن بلال محسود شہید کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی،شہید کے لیے دعائے مغفرت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنے نظریاتی کارکنوں اور ان کے خاندانوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کراچی پہنچے جہاں انہوں نے کراچی سٹریٹ موومنٹ کے دوران لیاری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں شہید ہونے والے بلال محسود کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے گھر پہنچ کر لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور بلال محسود کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے لواحقین اور موجود پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا سے کراچی محض تعزیت کے لیے آئے ہیں کیونکہ یہی تحریک انصاف کا نظریاتی رشتہ ہے جو خیبر سے کراچی تک پھیلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد قومی جماعت ہے جس کے کارکن عمران خان کے نظریے اور پی ٹی آئی کے پرچم تلے متحد ہیں،خیبر کا دکھ کراچی محسوس کرتا ہے اور کراچی کا درد خیبر تک پہنچتا ہے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف کا ہر ورکر ہمارا قیمتی اثاثہ اور عمران خان کی امانت ہے،ہمیں اپنے کارکنوں کو بچوں اور بھائیوں کی طرح گلے لگانا اور ان کی حفاظت کرنی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر آج عمران خان قید میں ہیں اور ہم نے انہیں تنہا چھوڑ دیا تو نہ قوم ہمیں معاف کرے گی اور نہ ہی عمران خان۔انہوں نے کہا کہ نظریاتی کارکنوں کی بدولت اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ مقام عطا کیا ہے اور جب تک یہ کارکن ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، یہ تحریک مزید مضبوط ہوتی جائے گی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ تحریک ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اعلان کیا کہ بلال محسود شہید کے بچوں کی کفالت اور تعلیم کی ذمہ داری پی ٹی آئی سندھ نے سنبھال لی ہے اور پارٹی ہر حال میں اس خاندان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔انہوں نے ایک بار پھر بلال محسود شہید اور تحریک انصاف کے تمام کارکنوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
خیبر سے کراچی تک غم کی یکجہتی،پی ٹی آئی کا نظریاتی رشتہ مضبوط،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی بلال محسود شہید کے گھر پہنچ گئے
5