Home » صحت،تعلیم اور انصاف ہی اصل ترقی،ظلم کے نظام میں سڑکیں بنتی ہیں،قومیں نہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی نظام عدل پر کڑی تنقید

صحت،تعلیم اور انصاف ہی اصل ترقی،ظلم کے نظام میں سڑکیں بنتی ہیں،قومیں نہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی نظام عدل پر کڑی تنقید

by ahmedportugal
2 views
A+A-
Reset

پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے نظامِ حکمرانی اور عدل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی کا حقیقی معیار سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر نہیں بلکہ صحت،تعلیم اور انصاف کی فراہمی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ظلم اور فسطائیت پر مبنی نظام میں قومیں نہیں بنتیں اور جب تک امیر اور غریب کے لیے یکساں قانون اور انصاف کا نظام قائم نہیں ہوتا،ترقی کے تمام دعوے کھوکھلے رہتے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پشاور میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام دو روزہ صحت آگہی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئےخیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ظلم اور فسطائیت پر مبنی نظام میں صرف سڑکیں بنتی ہیں،قومیں نہیں بنتیں جبکہ قومیں اس وقت تعمیر ہوتی ہیں جب امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون اور عدل و انصاف کا یکساں نظام نافذ ہو،ترقی کا حقیقی معیار انفراسٹرکچر نہیں بلکہ انصاف،مساوات اور عوامی فلاح ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں سو فیصد آبادی کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے،صحت کارڈ کے ذریعے عام آدمی کو وہ سہولیات مل رہی ہیں جو ماضی میں صرف صاحبِ حیثیت طبقے تک محدود تھیں۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب میں عمران خان کے دور میں شروع کیے گئے مفت علاج کے پروگرام کو ختم کر دیا گیا،جو عوامی فلاح کے خلاف ایک افسوسناک اقدام ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نیوٹریشن کے شعبے کے لیے وسائل میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا کیونکہ صحت اور تعلیم وہ شعبے ہیں جو براہ راست عوام کی زندگیوں پر اثر انداز ہوتے ہیں،اسی لیے ان پر ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نظام کو اکیلے کوئی فرد تبدیل نہیں کر سکتا،اس کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلانا ضروری ہے کیونکہ ذمہ داری سے انحراف بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے،صوبائی حکومت گورننس اور سروس ڈیلیوری کے نظام کو موثر،شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے لیے الگ الگ نظام کے خاتمے کی جدوجہد کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ جدوجہد عمران خان کے ساتھ شروع کی گئی تھی جو آج بھی پوری قوت کے ساتھ جاری ہے،ہم سب کو مل کر پاکستان کو علامہ اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کے مطابق ایک مضبوط،خوددار اور فلاحی ریاست بنانا ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی جرات، استقامت اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس حوصلے اور بہادری سے وہ حالات کا مقابلہ کر رہی ہیں وہ قابلِ ستائش ہے،ڈاکٹر یاسمین راشد اپنے حصے کی جنگ لڑ چکی ہیں اور اب وہ ہمارے حصے کی جنگ لڑ رہی ہیں،جس میں سب کو ان کا ساتھ دینا ہو گا۔

اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت روڈ سیکٹر کے فلیگ شپ منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں سوات موٹروے فیز ٹو،ڈی آئی خان موٹروے اور دیر موٹروے کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سوات موٹروے فیز ٹو پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صوبائی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے،اس لیے تمام تکنیکی اور انتظامی مسائل بلا تاخیر حل کیے جائیں، 80 کلومیٹر طویل سوات موٹروے فیز ٹو چکدرہ انٹرچینج سے فتح پور تک تعمیر کی جا رہی ہے،جس میں 9 انٹرچینجز اور دریائے سوات پر مختلف مقامات پر 7 پل شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کا بھی جلد سنگِ بنیاد رکھنے کا عندیہ دیا۔ 365 کلومیٹر طویل ڈی آئی خان موٹروے میں 19 انٹرچینجز اور 2 ٹنلز تعمیر کیے جائیں گے جبکہ یہ منصوبہ اور سوات موٹروے فیز ٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں۔دیر موٹروے منصوبے کے حوالے سے اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر صوبائی وسائل سے تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے عملی کام کے آغاز کے لیے تمام قانونی و انتظامی تقاضے تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دور دراز علاقوں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے دستیاب وسائل کا موثر اور شفاف استعمال کر رہی ہے۔
۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز