Home » خیبرپختونخوا کابینہ کے بڑے فیصلے،شہداء کے ورثاء کے لیے ریلیف،اربوں کے منصوبوں کی منظوری

خیبرپختونخوا کابینہ کے بڑے فیصلے،شہداء کے ورثاء کے لیے ریلیف،اربوں کے منصوبوں کی منظوری

by ahmedportugal
13 views
A+A-
Reset

پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا 54واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں عوامی فلاح،مالی نظم و ضبط،بہتر طرزِ حکمرانی،تعلیم،صحت،ڈیجیٹل گورننس اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق متعدد اہم اور دور رس فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق اجلاس میں شہداء کے ورثاءکے لیے ایک بڑی سہولت کی منظوری دی گئی،جس کے تحت لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اور سکسیشن سرٹیفکیٹس کے حصول پر تمام سرکاری فیسیں مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہیں۔یہ سہولت مسلح افواج،پولیس،نیم فوجی دستوں،دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے سرکاری ملازمین اور دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق شہریوں کے قانونی ورثاء کو حاصل ہو گی۔کابینہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے موضع رٹہ کلاچی میں دو کنال سرکاری اراضی نادرا کے نام منتقل کرنے کی منظوری دی،جہاں ایک جدید ریجنل دفتر قائم کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے۔مالیاتی نظم و نسق کو مضبوط بنانے کے لیے صوبائی سطح پر ڈیبٹ مینجمنٹ کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں محکمہ خزانہ کے تحت ڈیجیٹل گورننس اینیبلمنٹ یونٹ کے قیام کی منظوری دی گئی،جس کا مقصد سرکاری محکموں میں ڈیجیٹل نظام،شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ 20 کروڑ ڈالر کے PRID پروگرام کی منظوری بھی دی گئی،جس کے ذریعے محصولات میں اضافہ،سرکاری اخراجات میں بہتری اور ڈیجیٹل سروس ڈیلیوری کو فروغ دیا جائے گا۔کابینہ نے این ایف سی سے متعلق مقدمے میں صوبے کے آئینی و مالی حقوق کے دفاع کے لیے 3 کروڑ روپے مختص کرنے اور ماہر قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت بھی دی۔تعلیم کے شعبے میں گورنمنٹ ایجوکیشنل اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس 1971 کا دائرہ کار ماڈل سکول بٹگرام تک بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اصلاحات کے تحت محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈرائیونگ سکول کو بند کر کے ایک نیا ریگولیٹری ڈرائیونگ سیل قائم کرنے کی منظوری دی گئی،جو نجی ڈرائیونگ سکولوں کی نگرانی کرے گا۔بارانی علاقوں میں پانی کے تحفظ کے منصوبے کی تکمیل اور واجبات و تنخواہوں کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی۔

صحت کے شعبے میں ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2015 میں ترامیم کی منظوری دی گئی تاکہ ریگولیٹری نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے جبکہ جنرل ہسپتال نشترآباد کی بلا تعطل فعالیت کے لیے اضافی فنڈز،بجٹ حد میں اضافہ،آپریشنل معاہدے میں توسیع اور آوٹ سورسنگ کی منظوری دی گئی۔مزید برآں، ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں میڈیکل کالج کے قیام،محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کے اہلکاروں کے لیے نظرثانی شدہ شہداء پیکیج 2025،تمباکو کیس کی موثر پیروی کے لیے سینئر آئینی وکیل کی خدمات کے حصول اور پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ نے کوہستان مالیاتی سکینڈل کے تناظر میں برآمد شدہ سونے کی شفاف جانچ،خالصتاً تعین اور فروخت کے لیے طریقہ کار کی منظوری دی جبکہ صوبے میں تجارتی اعداد و شمار کے موثر نظام کے قیام کے لیے کامرس اینڈ ٹریڈ اسٹیٹسٹکس رولز 2026 کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وادی تیراہ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے بھی بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 6,900 اضافی تصدیق شدہ بے گھر خاندانوں کے لیے 5 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی تاکہ معاوضوں اور ماہانہ فوڈ سپورٹ الاونس کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔حکام کے مطابق کابینہ کے یہ فیصلے صوبے میں گورننس،شفافیت،عوامی سہولیات اور ترقیاتی عمل کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز