صوبائی ایپکس کمیٹی نے ضلع کرم میں تمام بنکرز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ غیر مستحکم خطے میں امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس پشاور میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شورش زدہ خطے کو ہتھیاروں سے پاک کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور، کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو کرم ریجن کی موجودہ صورتحال اور امن کو یقینی بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ایم گنڈا پور کو کرم میں قیام امن کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ کرم میں امن کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وفاقی حکومت صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تیار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز محسن نقوی کی علی امین گنڈا پور سے پشاور میں ملاقات ہوئی تھی۔