خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک ہزار فلسطینی شہدا، قیدیوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کرانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ اعلان ‘خادم حرمین شریفین کے مہمانانِ حج، عمرہ اور زیارت پروگرام’ کے تحت کیا گیا ہے، جس پر سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد عمل درآمد کر رہی ہے۔
وزیر شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے اس اقدام پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کے ساتھ سعودی عرب کی مستقل حمایت اور اسلامی اخوت کی مضبوطی کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلسطینی عازمین کو ان کے وطن سے روانگی سے لے کر واپسی تک تمام سفری، رہائشی اور عبادتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کا حج پرسکون اور آرام دہ ہو۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس خصوصی پروگرام کے آغاز سے اب تک 1417 ہجری میں دنیا بھر کے 64 ہزار سے زائد افراد کو حج اور عمرہ کے لیے مدعو کیا جا چکا ہے۔