Home » خیبرپختونخوا میں توانائی کا نیا دور شروع،وزیر اعلیٰ سہیل آفرید ی نے 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا

خیبرپختونخوا میں توانائی کا نیا دور شروع،وزیر اعلیٰ سہیل آفرید ی نے 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

لوئردیر(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے لوئر دیر کے علاقے میں 40.8 میگاواٹ صلاحیت کے کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جس سے صوبے میں صاف، ماحول دوست اور کم لاگت بجلی کی فراہمی کو فروغ ملے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 2.4 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے جبکہ یہ سالانہ 207 ملین یونٹس بجلی پیدا کرے گا۔ پراجیکٹ پر مجموعی طور پر 21.7 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفردی نے کہا کہ صوبائی حکومت توانائی کے وسائل کو معاشی ترقی اور روزگار کے فروغ کے لیے استعمال کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ ان کے مطابق صوبے کی پہلی پاور ٹرانسمیشن لائن سے 11 ہائیڈرو منصوبوں کی پیدا کردہ بجلی صنعتوں تک تجارتی بنیادوں پر پہنچائی جائے گی، جس سے مقامی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے گی۔افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے ترمنگ سے رازگرام تک 18.5 کلومیٹر طویل سڑک کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ غیر ملکی انجینیئرز کے خیبر پختونخوا کے دورے کے لیے این او سی نہ ملنے کی وجہ سے اربوں روپے مالیت کے اہم منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، یہ نقصان صرف صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہے۔ انہوں نے وفاق پر زور دیا کہ صوبے کے 3 ہزار ارب روپے واجب الادا ہیں، اگر صوبے کے 3 ہزار ارب روپے واجب الادا ادا کیے جائیں تو صوبہ تیزی سے ترقی کر سکتا ہے اور معیشت مضبوط ہوگی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ کوٹو پراجیکٹ سے نہ صرف سالانہ کروڑوں یونٹ صاف اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی بلکہ ہزاروں گھرانوں کو سستی توانائی فراہم ہوگی، منصوبہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور صوبے کی صنعتوں کی بحالی و معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سستی بجلی پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور وہ ان منصوبوں پر فخر کرتے ہیں جو بانیوں نے شروع کیے تھے، انہیں ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے این او سی نہ ملنے سے صوبے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مئی سے نومبر تک صوبائی حکومت کو ایک این او سی بھی جاری نہیں ہوا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دہشتگردی کے واقعات کی وجہ سے صوبے کی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا کو تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ صوبے میں صاف توانائی، معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور صنعتی ترقی کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا، اور خیبرپختونخوا میں توانائی کے شعبے میں انقلاب کی بنیاد رکھے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز