پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے بڑے شہروں کو پشاور کے ساتھ ریلوے کے ذریعے منسلک کرنے کے لیے سرکولر ریل پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے، منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا اور اس کے تحت مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور دیگر اہم شہر پشاور کے ساتھ ٹرین سروس کے ذریعے جڑیں گے۔
دستاویزات کے مطابق یہ منصوبہ 2022 میں منظور ہوا تھا، لیکن مالی اور انتظامی مسائل کے باعث بروقت آغاز ممکن نہیں ہو سکا۔ اب حکومت نے اس منصوبے کی عمل درآمد کے لیے عملی اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ پاکستان ریلوے نے منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی میں معاونت فراہم کرنے کی رضامندی دے دی ہے، جس پر چند مہینوں کے اندر کام مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔سرکولر ریل پراجیکٹ کے تحت شہروں کے درمیان فاصلے کم ہوں گے اور ٹریفک کے مسائل بھی کافی حد تک حل ہو جائیں گے، جس سے مسافروں کے لیے سفر کو آسان، محفوظ اور تیز بنایا جا سکے گا۔ منصوبے کی نگرانی، منصوبہ بندی اور دیگر انتظامی امور کی ذمہ داری خیبرپختونخوا اربن موبائلٹی اتھارٹی کو دی گئی ہے، جو صوبے میں شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہے۔سرکولر ریل منصوبے کے مکمل ہونے سے صوبے کے شہری اور تجارتی رابطے مضبوط ہوں گے، معیشت میں بہتری آئے گی اور عوامی سہولت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف روزانہ کی سفری مشکلات کم ہوں گی بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔یہ منصوبہ خیبرپختونخوا کے شہریوں کے لیے ایک جدید اور موثر پبلک ٹرانسپورٹ نظام کی بنیاد رکھے گا، جس سے صوبے میں ٹریفک کے دباو کو کم کرنے اور شہری رابطوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
خیبرپختونخوا میں سرکولر ریل پراجیکٹ کا آغاز،پشاور کو 4 بڑے شہروں سے جوڑنے کا منصوبہ
4