کوہاٹ(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے حکومت، اداروں اور مخالفین پر شدید تنقید کرتے ہوئے عمران خان کے حامیوں کے لیے انتہائی سنسنی خیز پیغام دیا اوور کہا کہ اس بار ڈی چوک کا مارچ محض احتجاج نہیں بلکہ آزادی یا موت کے عزم کے ساتھ ہوگا۔
ایگزو نیوز کے مطابق کوہاٹ میں منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےسہیل آفریدی نے الزام لگایا کہ حکومت اور ادارے عمران خان کو دبانے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،بانی چیئرمین کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے،ہم جج سے ملنے جاتے ہیں تو ہمیں ملاقات نہیں دی جاتی،جنہوں نے ہمارے مینڈیٹ کی حفاظت کرنی تھی وہ ہی ڈاکہ ڈال رہے ہیں،ہمارے محافظ ہی ہمارے قاتل بن چکے ہیں،پاکستان کے تمام ادارے عمران خان کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے عمران خان کی بہنوں پر واٹر کینن کے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جنہوں نے انصاف دینا تھا،وہ بھی انصاف نہیں دے رہے،ہمیں ڈرانے کے لیے رات کو میڈیا چینلز پر دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ گولیاں چلائی جائیں گی لیکن عمران خان کا جیل سے پیغام آچکا ہے آزادی یا موت۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ عمران خان کی ہدایت پر احتجاج یا مذاکرات کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپی گئی ہے اور ان کے کال آنے پر تمام کارکن تیار رہیں،یہاں پالیسی عمران خان کی چلے گی اور راج صرف عمران خان کا ہو گا،ہم آپ کو کرکے دکھائیں گے۔سہیل آفریدی نے مالی اور ادارہ جاتی کرپشن کے حوالے سے بھی حکومت پر شدید تنقید کی۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی،پنجاب پولیس سب سے کرپٹ ادارہ بن چکی ہے اور پاکستان کا قرضہ 80 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے،ہم نے مل کر حقیقی آزادی ان سے چھیننی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک مینڈیٹ چور جو جعلی طریقے سے پنجاب کی وزیر اعلیٰ بنی ہے،اب مجھے مشورے دے رہی ہے،پنجاب پولیس کو پورے پاکستان میں سب سے کرپٹ ادارہ بنایا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری جاری ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 983 جیل وارڈنز ، 3100 لیکچرز ، 1600 پولیس اہلکار، 640 سی ٹی ڈی پولیس اہلکار بھرتی کرنے جا رہے ہیں،تمام ٹیسٹ ایٹا کے تھرو ہوں گے،ایک بھی بھرتی سفارش پر نہیں ہو گی،خیبرپختونخوا پنجاب سے بہتر ہے،یہاں صحت میں سب سے زیادہ انوسٹمنٹ ہو رہی ہے،عمران خان ہی پاکستان کا قبول ترین اور مقبول ترین لیڈر ہے،یہاں پالیسی عمران خان کی ہی چلے گی اور یہاں راج بھی عمران خان کا ہی ہو گا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے 5 ہزار 3 سو ارب روپے کی کرپشن کی ہے،تازہ سروے کے مطابق پنجاب پولیس پاکستان کا سب سے کرپٹ ادارہ بن چکا ہے اوپر وفاق والے مجھے مشورے دیتے ہیں،5300 ارب کی کرپشن ان کی پکڑی گئی ہے،پاکستان پر قرضہ 80 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے،ہمیں گورننس کا مشورہ دینے والوں نے ملک کو قرضے میں ڈبو دیا ہے۔