Home » خیبرپختونخوا پھر لہو لہان،ٹانک میں پولیس بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ،ایس ایچ او سمیت 6 جوان شہید

خیبرپختونخوا پھر لہو لہان،ٹانک میں پولیس بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ،ایس ایچ او سمیت 6 جوان شہید

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

ٹانک(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں ایک بار پھر دہشت گردی نے سر اٹھا لیا ہے،جہاں ضلع ٹانک کے علاقے گومل میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب بارودی مواد کا زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ ٹانک کے علاقے کوٹ ولی سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، جہاں آئی ای ڈی حملے میں پولیس کی بکتر بند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق بکتر بند گاڑی معمول کے گشت کے دوران گومل سے ٹانک کی جانب آ رہی تھی کہ راستے میں نصب بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑا دیا گیا۔حملے میں شہید ہونے والوں میں ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق خان،اے ایس آئی شیر عالم، شفیع،حضرت علی،احسان اللہ اور ڈرائیور عبدالمجید شامل ہیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی،علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا،جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب ضلع لکی مروت میں بھی دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا،جہاں تھانہ صدر کی حدود میں درہ تنگ کے مقام پر پل کے قریب نصب آئی ای ڈی دھماکے میں ایس ایچ او رازق خان سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق اسی راستے سے ڈی پی او لکی مروت کے گزرنے کا امکان تھا جبکہ ایک روز قبل اسی علاقے سے ایک وکیل کے اغوا کا واقعہ بھی رپورٹ ہوا تھا،جس کے باعث خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔اس سے قبل ضلع بنوں میں نالہ کاشو پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی تاہم پولیس کی بروقت اور موثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے دو اطراف سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی مگر چوکی پر تعینات اہلکاروں نے مورچے سنبھالتے ہوئے بھرپور مزاحمت کی اور حملہ آوروں کو پسپا کر دیا،واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر اورکزئی میں امن لشکر پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے تاہم جوابی کارروائی میں امن لشکر نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ٹانک میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی،ساتھ ہی واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنا آج قوم کے محفوظ کل پر قربان کیا، شہداء کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور دہشت گردوں کو جلد ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز