خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز کے دو مختلف آپریشنز میں 8 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک میں خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چھ خوارج جہنم واصل ہوئے۔ ایک اور آپریشن میں جو خیبر ضلع کی وادی تیراہ میں کیا گیا فورسز نے دو خوارج کو کامیابی سے ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باقی ماندہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
ادھر، صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں دو مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
دوسری جانب، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اُن کی بہادری کی تقریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سد باب کیلئے متحرک ہیں۔