اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم کے کو آرڈی نیٹر اور مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی خان نے ٹی وی پروگرام میں ایک ایسے بیان سے سیاسی ماحول میں زبردست ہلچل مچا دی جس نے نہ صرف صوبائی قیادت کے فیصلوں پر سوال اٹھا دیے بلکہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے اندرونی امور اور خیبرپختونخوا میں عوامی فنڈز کے استعمال پر سنگین الزامات بھی دہرائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈا پور کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ’تین خواتین ‘ کی سفارش پر ہٹایا گیا ،سہیل آفریدی کو توبانی پی ٹی آئی عمران خان جانتے بھی نہیں،اس کی پہچان یہ ہے کہ وہ پاک فوج کے خلاف زہر اگلتا ہے،خیبر پختونخوا میں اب تحریک انصاف کی کوئی جگہ نہیں ۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے دفاعی فنڈز کا نقصان ہو رہا ہے، صوبے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے سالانہ تقریباً 500 ارب روپے ملتے ہیں تاہم یہ رقوم بعض اوقات حساس سیکیورٹی اداروں مثلاً سی ٹی ڈی کی مضبوطی کے بجائے جلسے جلوسوں اور سیاسی تقریبات پر خرچ کر دی جاتی ہیں ۔اختیار ولی خان نے جمہوری عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام جمہوریت کا بنیادی تقاضا ہے مگر 2018 کے انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا ،آج بھاشن دینے والے اس وقت کہاں تھے؟تا ہم سیاسی اختلافات کے باوجود آئینی طریقہ کار کو برقرار رکھنا لازمی ہے اور اگر کسی مرحلے پر آئینی راستے بند ہوں تو قانون و آئین ہی حتمی فیصلہ کرے گا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ علی امین گنڈاپور کو ”تین عورتوں “ کی سفارش پر وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا اور سب جانتے ہیں کہ یہ ”تین عورتیں “ کون ہیں؟۔اختیار ولی خان نے پی ٹی آئی کے حالیہ ”فلسطین، فلسطین“ کے نعروں پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ جو لوگ باہر کے ایام پر جذباتی بیانات دے رہے ہیں، انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ ان کے قائد جیل میں بیٹھ کر بھی سیاسی بیان جاری کرتے ہیں لیکن اسرائیل کی مذمت میں ایک لفظ نہیں بول پاتے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بعض رویوں کو ”بغض“ سے تعبیر کیا اور کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر جو عزت حاصل کی ہے، اس کا کریڈیٹ ملک کے تمام اداروں اور عوامی خدمات نے حاصل کیا ہے اور کچھ حلقے اس کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے دعویٰ کہا کہ خیبرپختونخوا میں اب تحریک انصاف نہیں رہے گی،ہم نے سرپرائز تیار کر لیا ہے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔
تین خواتین کی سفارش پر گنڈا پور ہٹائے گئے،تحریک انصاف کی اب خیبرپختونخوا میں کوئی جگہ نہیں،اختیار ولی خان کا تہلکہ خیز دعویٰ
5