Home » آئینی عدالت پر ہنگامہ کیوں؟16 لاکھ پنشن لینے والے ججز کو کیا تکلیف ہے؟خواجہ آصف نے عدلیہ کو کھری کھری سنا دیں

آئینی عدالت پر ہنگامہ کیوں؟16 لاکھ پنشن لینے والے ججز کو کیا تکلیف ہے؟خواجہ آصف نے عدلیہ کو کھری کھری سنا دیں

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے ججز کے حالیہ استعفوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب منتخب وزیراعظم نواز شریف کو نااہل کیا جا رہا تھا تو عدالتی ضمیر کیوں خاموش تھا؟ اور آج آئینی ترمیم کے بعد 16 لاکھ روپے پنشن لینے والے ججز کو اچانک کون سی تکلیف لاحق ہو گئی ہے؟ آئینی عدالت کے قیام پر عدالتوں کے اندر پیدا ہونے والی بے چینی پرخواجہ آصف نے کھل کر موقف اختیار کرتے ہوئے عدلیہ کو کھری کھری سنا دی ہیں، جس کے بعد سیاسی و عدالتی محاذ مزید گرم ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق حکومت اور عدلیہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کھینچا تانی کے ماحول میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم پر شور مچانے والے پہلے یہ بتائیں کہ آئین کی کون سی شق عدلیہ کی آزادی پر اثر انداز ہوتی ہے،جوڈیشل کمیشن بدستور ججز کی تعیناتیاں کرتا رہے گا جبکہ آئینی عدالت کا قیام دنیا کے کئی ممالک میں ایک تسلیم شدہ عدالتی ڈھانچہ سمجھا جاتا ہے۔وزیر دفاع  نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں عدلیہ کے ضمیر کیوں نہیں جاگے؟ایک مخصوص بینچ نے نظام کو تہہ و بالا کیا اور منتخب وزیراعظم کو نااہل کر دیا لیکن اس وقت کسی کو ادارہ جاتی اختیارات یاد نہیں آئے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اب عدالتی اصلاحات پر اعتراضات کیوں شدت اختیار کر رہے ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ججز کو بے شمار مراعات ملتی ہیں جن کا عام شہری تصور بھی نہیں کر سکتا،متعدد ججز اس لیے استعفیٰ دینے پر آمادہ ہیں کیونکہ انہیں علم ہے کہ نئی عدالتی ساخت کے بعد ان کے تبادلے ہو سکتے ہیں جبکہ دنیا بھر میں ججز کے تبادلے ایک معمول کی بات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 16 لاکھ روپے تک کی پنشن لینے والے ججز مراعات کے ساتھ رخصت ہوتے ہیں جبکہ ایک سیاستدان تیس چالیس سال خدمت کرنے کے بعد بھی کسی پنشن کا حق دار نہیں ہوتا۔

خواجہ آصف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ڈیم فنڈ کا معاملہ آج بھی قومی سوال کے طور پر موجود ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین کے مقدمات سے متعلق انہوں نے کہا کہ تمام کیسز عدالتی پراسس کے تحت جاری ہیں۔دی اکانومسٹ کی رپورٹ پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے تا ہم ان کے بقول بشریٰ بی بی حکومتی پالیسیوں پر اثر انداز ہوتی رہی ہیں۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاملے پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ ٹریڈ پاکستان کیلئے معاشی نقصان کا ذریعہ بن چکی ہے کیونکہ سامان افغانستان کے نام پر درآمد ہوتا ہے اور یہاں فروخت کیا جاتا ہے،اگر یہ ٹریڈ بند کر دی جائے تو پاکستان کو فائدہ ہو گا،نقصان نہیں۔انہوں نے افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں اور حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وانا سمیت کئی حملوں میں افغان عناصر ملوث پائے گئے ہیں اور 40 سال کی مہمان نوازی کے بدلے میں پاکستان کو دہشت گردی ملی۔خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ امن فورس میں پاکستان کی شمولیت قومی وقار کا باعث ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ملک عدالتی،سیاسی اور معاشی تبدیلیوں کے دوراہے پر کھڑا ہے اور فیصلوں میں قومی مفاد کو ترجیح دینے کا وقت آ گیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز