وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانون سازوں کی پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے سے گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والے بحران کو ختم کرنے میں اسپیکر ایاز صادق نے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر قومی اسمبلی کے سابق سپیکر اسد قیصر اسی طرح ایوان کے تقدس اور ارکان کے جمہوری حقوق کا تحفظ کرتے تو شاید پارلیمنٹ کی بالادستی پر اس طرح سمجھوتہ نہ کیا جاتا۔
وفاقی وزیر دفاع کا یہ بیان قومی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے 8 ستمبر کو ایوان زیریں کے احاطے سے پی ٹی آئی کے ارکان کی گرفتاریوں کے خلاف کارروائی کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایاز صادق نے پارلیمنٹ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ایوان کا ماحول اتنا تلخ نہ ہوتا، اگر اسد قیصر ایاز صادق کی طرح جیل میں بند ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے‘‘، انہوں نے مزید کہا کہ آئینی اداروں کو اتنا نقصان آمروں نے بھی نہ پہنچایا جتنا پی ٹی آئی کے دور میں ہوا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سابق وزیراعظم ڈکٹیٹر کی ذہنیت کے مالک تھے۔ اُن کی نظر میں آئین اور اداروں کی کوئی عزت نہیں تھی بلکہ وہ ان کی خواہشات کے پابند تھے۔