پاکستانی اداکار خاقان شاہنواز کو کرینہ کپور کی عمر پر تبصرہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔ بھارتی اداکارہ کے مداحوں نے اداکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ تبصرہ مشہور ہونے کیلئے کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک ٹی وی شو میں خاقان کی مداح نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ آپ کرینہ کپور کے ساتھ فلم میں کام کریں۔ جس کا جواب انہوں نے طنزیہ انداز میں دیا کہ اُن کی عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے میں اس کے بیٹے کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔
پاکستانی اداکار کے اس تبصرے نے سوشل میڈیا پر غم و غصے کو جنم دیا اور مداحوں نے بھارتی سپر اسٹار کو عمر کا طعنہ دینے پر شاہنواز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
خاقان شاہنواز کے بھارتی میگا اسٹار کرینہ کپور خان کی عمر کے بارے میں تبصرے وائرل ہو گئے ہیں اور سرحد پار کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ان کے مداحوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ایک مداح نے ریمارکس دیے کہ کرینہ کو یہ بھی معلوم نہیں ہوگا کہ وہ کون ہے، یہاں تک کہ میں نے کبھی ان کا ڈرامہ نہیں دیکھا۔ ایک اور نے کہا کہ اداکار خود کو پتا نہیں کیا سمجھتے ہیں۔ ایک اور مداح نے نشاندہی کی کہ یہ ریمارکس خاقان کے مشہور ہونے کا باعث بنیں گے کیونکہ انٹرویو وائرل ہو گیا ہے۔