پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک بھرپور اور دوٹوک پریس کانفرنس میں واضح کیا ہے کہ پاکستان میں سیاست کو ریاست اور عوام کے مفاد پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاستدان پاک فوج کے لیے قابلِ احترام ہیں، تاہم کسی بھی فردِ واحد کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی ذات یا سیاسی مفاد کے لیے ریاستی سلامتی، قومی وحدت یا عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی کوشش کرے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی سیاسی بقا یا ذاتی فائدے کے لیے پاکستان اور خیبر پختونخوا کے غیور عوام کے خون، عزت اور مال کا سودا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست اور عوام کو کسی ایک شخص کی خواہش یا مرضی کے تابع نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ طرزِ فکر قومی سلامتی کے لیے خطرناک اور ناقابلِ قبول ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے خبردار کیا کہ اگر کوئی دہشتگردوں کی سہولت کاری کرے گا تو وہ چاہے کسی بھی عہدے پر فائز ہو یا کسی بھی حیثیت کا حامل ہو، اس کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، کیونکہ ریاست پاکستان اپنے عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، عوام، فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک “بنیانِ مرصوص” کی مانند دہشت گردی اور ریاست دشمن بیانیے کے خلاف متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ محض ایک فوجی مہم نہیں بلکہ ایک قومی فریضہ ہے، اور اس جنگ میں کسی سیاسی مفاد یا ذاتی ایجنڈے کے لیے گنجائش نہیں، دہشت گردی کو واپس لانے کی کوشش کرنے والا شخص نہ صرف قوم بلکہ ریاست پاکستان کے امن کا دشمن ہے، اور اسے قانون کے مطابق اس کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اپنے شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور مسلح افواج ان قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے ہر اس قوت کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہیں جو ملک کے امن اور استحکام کے خلاف سازش میں ملوث ہے۔
آپ کو آپ کی سیاست مبارک،ہمیں اپنی سیاست میں نہ لائیں،کوئی فرد واحد یہ سمجھتا ہے کہ اس کی سیاست ریاست سے بڑی ہے تو یہ ہمیں قبول نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
2