کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)شہر قائد کراچی میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی،جس کے نتیجے میں شہر میں ممکنہ بڑی تباہی کو بروقت روک دیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکر بن کے نام سے ہوئی ہے،جن کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے بتایا جا رہا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان دہشت گرد تنظیم کے کیمپس سے باقاعدہ تربیت یافتہ ہیں اور انہوں نے ریکی اور کمیونیکیشن کے شعبوں میں خصوصی ٹریننگ حاصل کر رکھی ہے۔حکام کے مطابق ملزمان کراچی میں تنظیم کے کمانڈرز ساجد بلوچ اور بشیر زیب کی ہدایات پر مقیم تھے اور شہر میں حساس تنصیبات سے متعلق معلومات اکٹھی کر کے اپنی تنظیم کو فراہم کر رہے تھے۔مزید برآں، وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہم مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے ایک منظم دہشت گرد نیٹ ورک قائم کرنے کی کوشش میں بھی سرگرم تھے۔کارروائی کے دوران سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کے قبضے سے تقریباً 4 کلو گرام بارودی مواد،ڈیٹونیٹرز،پرائما کارڈ اور بال بیرنگ برآمد کیے،جو ممکنہ طور پر دھماکہ خیز کارروائیوں میں استعمال کیے جا سکتے تھے۔برآمد ہونے والا مواد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملزمان کسی بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔سی ٹی ڈی نے ملزمان کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے ممکنہ ارکان کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ طور پر مزید ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں،جو ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مزید کارروائیاں کریں گی۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائی ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں کے خلاف اداروں کی بروقت اور موثر حکمت عملی کا مظہر ہے،جس کے نتیجے میں ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا گیا اور شہر کے امن کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔