کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)شہر قائد میں ٹریفک پولیس اور غیر سرکاری تنظیم ’لوک سہائتہ‘ کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام سے روشناس کرانے کی غرض سے ایک بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے، اس مہم کا مقصد شہریوں کو نہ صرف سڑکوں پر محتاط ڈرائیونگ اور قوانین کی پاسداری کی اہمیت اجاگر کرنا ہے بلکہ آنے والے ای چالان سسٹم کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کرنا ہے،جو یکم اکتوبر 2025 سے باقاعدہ طور پر نافذ ہو گا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یہ نظام ٹریفک قوانین کے نفاذ میں شفافیت کو یقینی بنائے گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں جدید سرویلنس کیمروں کے ذریعے فوٹو اور ویڈیو شواہد ریکارڈ ہوں گے اور ان کی بنیاد پر خودکار ای چالان شہریوں کے گھروں میں بھیجے جائیں گے۔ اس خودکار نظام کے ذریعے افسران کی براہِ راست مداخلت ختم ہو جائے گی، جس سے شہریوں اور حکام کے درمیان براہِ راست تنازعات میں کمی آئے گی اور قانون سب کے لیے یکساں طور پر لاگو ہو گا۔آگاہی مہم کے دوران شہر کے بڑے چوراہوں اور سگنلز پر شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں، جبکہ رضاکار، خواتین پولیس اہلکار اور طلبہ عوام کو قوانین پر عملدرآمد، سڑکوں پر محتاط رویے اور ٹریفک نظام کی بہتری کے حوالے سے آگاہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر شہریوں کو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ سے شہر میں ٹریفک کا نظم بہتر ہوگا اور حادثات کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کراچی کو جدید اور محفوظ ٹریفک کلچر کی طرف لے جانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے نہ صرف قانون کی بالادستی قائم ہوگی بلکہ شہریوں کے لیے ایک منظم اور محفوظ سفری ماحول بھی میسر آئے گا۔
کراچی میں جدید ای چالان سسٹم کا آغاز،شفاف اور محفوظ ٹریفک کلچر کی جانب بڑا قدم
6