Home » قذافی سٹیڈیم میں سنسنی خیز مقابلہ،کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو چار وکٹوں سے ہرادیا

قذافی سٹیڈیم میں سنسنی خیز مقابلہ،کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو چار وکٹوں سے ہرادیا

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے 129 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا، جس میں میچ کے دوران پانچ اضافی رنز بھی شامل ہوئے جو گیند کی حالت تبدیل ہونے پر دیے گئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔اوپنر فخر زمان ابتدائی اوورز میں ہی پویلین لوٹ گئے،جس کے بعد ٹیم مسلسل دباو کا شکار رہی۔عبداللہ شفیق نے 33 رنز بنا کر مزاحمت کی جبکہ حسیب اللہ خان نے 28 رنز کی اننگز کھیلی تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز تک محدود رہی۔کراچی کنگز کی جانب سے ایڈم زیمپا،میر حمزہ اور معین علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو،دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیگر بولرز نے بھی اہم مواقع پر کامیابیاں سمیٹیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز بھی مشکلات کا شکار رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔کپتان ڈیوڈ وارنر اور سلمان علی آغا کم سکور پر آوٹ ہوئے تاہم محمد وسیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور ٹیم کو سہارا دیا۔میچ اس وقت مزید دلچسپ ہو گیا جب شاہین شاہ آفریدی نے یکے بعد دیگرے اہم وکٹیں حاصل کر کے کراچی کو دباو میں ڈال دیا تاہم خوشدل شاہ اور اعظم خان نے چھٹی وکٹ کے لیے قیمتی شراکت قائم کر کے میچ کو آخری اوور تک پہنچایا۔فیصلہ کن مرحلے پر امپائرز کی جانب سے گیند کی حالت تبدیل ہونے پر لاہور قلندرز کو پانچ رنز کی سزا دی گئی،جس کے بعد کراچی کو ہدف حاصل کرنے میں آسانی ہوئی۔ آخری اوور میں عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر ٹیم کو شاندار فتح دلا دی۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نمایاں رہے جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں تاہم ان کی بہترین بولنگ بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی اور کراچی کنگز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی اپنے نام کر لی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز