کراچی: رواں سال کے 73 دونوں میں شہر کے بے ہنگم ٹریفک نے 189 خاندان اجاڑ دئیے، 2350 سے زائد زخمی ہوئے۔
شہر کی سڑکوں پر دوڑتے ڈمپرز جان لیوا ثابت ہوئے تو کہیں ٹوٹے پھوٹے روڈ جانیں لینے لگے۔ زخمیوں میں مرد ، خواتین ، بچے اور بچیاں شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق شہر میں گزشتہ 18 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 6 افراد جان سے گئے۔ منگھو پیر نادرن بائی پاس کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوا۔ ماڑی پور ٹرک اڈے کے قریب تیز رفتار سوزوکی کھڑے ٹرالر سے ٹکرانے سے سوزوکی ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔
قیوم آباد اختر کالونی سگنل کے قریب ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جان سے گیا۔ ماڑی پور روڈ پر ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کچل دیا۔ کلفٹن بن قاسم پارک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوا۔ کورنگی ناصر چمپ کے قریب 13 مارچ کو ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا نوجوان دم توڑ گیا۔