کراچی کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کی ابتدائی پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے، جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 6 ڈائریکٹرز سمیت 14 افراد کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں 27 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 1986 میں تعمیر کی گئی گراؤنڈ پلس 5 عمارت طویل عرصے سے خستہ حال اور ناقابلِ رہائش تھی۔ عمارت کے دو حصے تھے اور دونوں خطرناک حالت میں تھے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 20 فلیٹوں پر مشتمل اس عمارت کی خراب حالت سے متعلق ایس بی سی اے کے افسران کو 2022 سے آگاہی تھی، مگر اس کے باوجود انہوں نے کوئی مؤثر یا حفاظتی اقدامات نہیں کیے۔ مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث بالآخر عمارت گر گئی، جس نے کئی قیمتی جانیں لے لیں۔
واقعے میں ملوث افسران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز متوقع ہے، جبکہ متاثرہ خاندان انصاف کے منتظر ہیں۔