کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن ”ایئر بلیو“کے عملے کی جانب سے مسافر کا پاسپورٹ پھاڑنے کے واقعے کی تحقیقات مکمل ہو گئی ہیں اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جاری کردہ رپورٹ میں اس واقعے کا مکمل ذمہ دار ایئرلائن کا عملہ قرار دیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق مسافر قدرت اللہ، نجی ایئرلائن”ایئر بلیو“ کی پرواز کے ذریعے جدہ روانہ ہونے کے لیے کاونٹر پر پہنچا، جہاں پاسپورٹ چیکنگ کے دوران کاونٹر پر موجود خاتون اہلکار کرن نے پاسپورٹ سے سٹیکر ہٹاتے ہوئے لاپرواہی برتی، جس کے نتیجے میں مسافر کا پاسپورٹ پھٹ گیا اور وہ پرواز میں سوار نہ ہو سکا۔واقعے کے بعد مسافر انٹرنیشنل ڈیپارچر ٹرمینل کے باہر احتجاجاً چیخ و پکار کرنے پر مجبور ہوا تاہم ایئرلائن کے کسی اہلکار نے شکایت کو سنجیدگی سے لینے یا صورتحال کو سنبھالنے کے لیے باہر آ کر رابطہ نہیں کیا۔پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی تحقیقاتی رپورٹ میں نجی ایئرلائن کے عملے کی غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے کی سخت تنقید کی گئی ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مسافروں کی شکایات کو بروقت حل کرنے کے لیے ایئرلائنز کو موثر نظام اختیار کرنا چاہیے۔رپورٹ میں یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایئرلائنز کے عملے کی تربیت اور نگرانی میں اضافہ کیا جائے تاکہ مسافروں کے حقوق اور سفری سہولیات کی مکمل حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کا شرمناک واقعہ،تحقیقات میں مسافر کا پاسپورٹ پھاڑنے کی ذمہ داری عملے پر عائد
30