Home » کاہنہ میں افسوسناک واقعہ،خستہ حال عمارت میں قائم ٹیوشن سینٹر ملبے کا ڈھیر بن گیا،والدین کی اذیت ناقابلِ بیان،عظمیٰ بخاری بھی آبدیدہ ہو گئیں

کاہنہ میں افسوسناک واقعہ،خستہ حال عمارت میں قائم ٹیوشن سینٹر ملبے کا ڈھیر بن گیا،والدین کی اذیت ناقابلِ بیان،عظمیٰ بخاری بھی آبدیدہ ہو گئیں

by ahmedportugal
14 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں خستہ حال عمارت میں قائم غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹر اچانک منہدم ہو گیا، ملبے تلے متعدد بچے دب گئے جس سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ واقعے کے بعد والدین کی چیخ و پکار نے فضا سوگوار کر دی جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے جائے وقوعہ اور ابتدائی رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کی اذیت ناقابلِ بیان ہے اور حکومت ہر ممکن وسائل کے ساتھ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب کے علاقے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ انتہائی دل دہلا دینے والا ہے اور متاثرہ بچوں کے والدین جس کرب سے گزر رہے ہیں اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا کہ حادثہ جس جگہ پیش آیا وہاں ایک غیر رجسٹرڈ اور بغیر کسی سرکاری بورڈ کے قائم ٹیوشن سینٹر چلایا جا رہا تھا،جو ایک خستہ حال اور بوسیدہ عمارت میں قائم تھا۔انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ جہاں بچوں کو تعلیم دی جا رہی تھی وہ عمارت کسی بھی لحاظ سے محفوظ نہیں تھی اور کمسن طلبہ کو خطرناک حالات میں بٹھایا گیا تھا۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس غیر قانونی ٹیوشن سینٹر میں بچوں سے فیس وصول کی جا رہی تھی مگر ان کی جانوں کے تحفظ کے لیے بنیادی اقدامات تک نہیں کیے گئے۔انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ذمہ داران نے بچوں کی سلامتی کو نظر انداز کرتے ہوئے انہیں ایک کمزور اور شکستہ چھت کے نیچے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور کیا۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود اس واقعے کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور ریسکیو آپریشن کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ رپورٹ حاصل کر رہی ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کو تیز کر رہی ہے تاکہ ملبے تلے دبے بچوں کو جلد از جلد بحفاظت نکالا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ بچوں کی حتمی تعداد کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا تاہم ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر فوری طور پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔انسانی جانوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیو آپریشن انتہائی احتیاط سے کیا جا رہا ہے اور بھاری مشینری کے استعمال سے گریز کیا جا رہا ہے تاکہ ملبے تلے دبے بچوں کو کسی قسم کا مزید نقصان نہ پہنچے۔وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور اس میں ملوث تمام ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز