اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان نے اپنے موقف پر ڈٹے رہنے اور عوامی آزادی کے لیے ہر حد تک جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور عوام کی آزادی لے کر رہیں گے یا شہادت کے لیے تیار ہیں، یہ پیغام پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے خیبرپختونخوا ہاوس اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سامنے رکھا۔
ایگزو نیوز کے مطابق سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ پارٹی کے وکلا کے مطابق عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان کے خلاف دیگر مقدمات کی سماعت کے لیے ایک نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت نہ صرف فیملی کو کورٹ روم تک رسائی سے محروم کیا گیا ہے بلکہ جج بھی میلوں دور بیٹھ کر ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرائل کریں گے، یہ سب کچھ عدالتی احکامات کے برخلاف ہے، کیونکہ پہلے واضح طور پر کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو منصفانہ اور کھلے ٹرائل کا حق دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی منگل اور جمعرات کو ہونے والی ملاقاتیں بھی بند کر دی گئی ہیں جبکہ حکومتی ترجمان مسلسل یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہیں ملاقاتوں کی مکمل اجازت حاصل ہے،جو سراسر جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے،عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ عوام کو اب اپنے حق کے لیے خود کھڑا ہونا پڑے گا۔
پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ انصاف کے تمام دروازے بند کر دیے گئے ہیں،عدالتوں میں ان کے کیسز سنے نہیں جا رہے اور عدالتی نظام عملاً مفلوج ہو چکا ہے،بانی پی ٹی آئی نے عوام کو سڑکوں پر نکل کر آواز بلند کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ احتجاج کے سوا اب کوئی راستہ باقی نہیں بچا۔انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان نے تمام اسیران،بالخصوص خواتین قیدیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں،عمران خان نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے مطالبے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ آج عمران خان کی اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے مختصر ملاقات ہوئی جبکہ فیصلہ سناتے وقت نہ تو عمران خان کو پیش کیا گیا اور نہ ہی ان کے وکلا عدالت میں موجود تھے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وہ اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کے پاس اور کوئی آپشن نہیں بچا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قید پر بھی شدید رنجیدہ ہیں اور ان کا موقف ہے کہ انہیں صرف اہلیہ ہونے کی بنیاد پر جیل میں ڈالا گیا ہے۔