جمعیت علمائے اسلام-فضل (جے یو آئی-ایف) نے حکومت کو مدرسہ رجسٹریشن بل منظور کرنے کیلئے 8 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
ایک بیان میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت کو 8 دسمبر تک دینی مدارس سے متعلق بل کی منظوری دینی ہوگی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر 8 دسمبر تک بل منظور نہ کیا گیا تو وہ اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ حیدری نے کہا کہ ہم مذہبی لوگ ہیں اور ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہتے لیکن ملک اس تاخیر کو برداشت نہیں کر سکتا۔
جے یو آئی-ایف کے رہنما نے بل کی منظوری میں تاخیر کو "بد نیتی پر مبنی ارادہ” قرار دیتے ہوئے اس عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی دانستہ کوشش کا الزام بھی لگایا۔
حیدری نے اُمید ظاہر کی کہ اس مسئلے کا کوئی حل نکالا جائے گا، کیونکہ بلاول بھٹو زرداری نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ بل کی منظوری کو یقینی بنانے کیلئے صدر سے بات کریں گے۔