اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن اسد قیصر نے سپریم کورٹ سے مستعفی ہونے والے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا تنظیمیں اور ججز ان کے ساتھ کھڑے ہوں،ذوالفقار علی بھٹو کے 1973 کے آئین کو اسکے نواسے بلاول بھٹو نے دفنا دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کو مستعفی ہونے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ساری عدلیہ کو ان ججز کے ساتھ کھڑے ہونا چاہے، دونوں ججز نے بہادری اور اصولی موقف اپناتے ہوئے استعفی دیا اور یہ اقدام نظام انصاف کے شفافیت اور عدلیہ کی آزادی کی حفاظت کے لیے ایک تاریخی قدم ہے،مجھے بہت دکھ ہوا، اتنے سینئر ججز کی تذلیل ہوئی،میں سلام پیش کرتا ہوں ججز کی خودداری کو،تمام وکلا ججز کے ساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی وکلا تنظیمیں اور مزدور تنظیمیں ہیں، انہیں اس موقع پر ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تاکہ عدلیہ کے خلاف کسی بھی دباو یا مداخلت کو ناکام بنایا جا سکے،وزیر قانون بار سیاست کو غلط استعمال کر رہے ہیں۔اسد قیصر نے حکومتی اقدامات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ قانون میں اس طرح کی ترمیم نہیں ہونی چاہیے، ایک بار ترمیم کر کے پھر یہ کہنا کہ یہ ایسا نہیں یا ویسا ہے، شفافیت اور اعتماد کو متاثر کرتا ہے،ہم نے کل کی قانون سازی کو مسترد کر دیا ہے،پیپلز پارٹی کے پاس 1973 کا آئین بنانے کا اعزاز تھا،بھٹو کے نواسے نے آئین کو پاوں تلے روند دیا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا میں تمام سیاسی جماعتوں کا کامیاب امن اجلاس منعقد ہوا ،میڈیا، قبائلی نمائندوں اور نوجوانوں نے کامیاب جرگہ منعقد کیا، افغانستان سے متعلق ہماری سفارشات کو سنا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کل دو بجے پارٹی اجلاس میں اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر اسد قیصر نے نواز شریف کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جو ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہیں، وہ اکثر موقع پر نہیں آتے مگر کل انہوں نے اپنی موجودگی سے اپنے موقف کی حمایت کی۔
عدلیہ کی آزادی خطرے میں،اسد قیصر کا منصور علی شاہ اور اطہر من اللہ کو خراج تحسین،مستعفی ججز کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان،وکلاء سے بھی اپیل کر دی
2