Home » جوڈیشل کمیشن اجلاس میں بڑے فیصلے،میاں گل حسن سپریم کورٹ کے مستقل جج مقرر،سندھ و بلوچستان کے نئے چیف جسٹسز کی منظوری

جوڈیشل کمیشن اجلاس میں بڑے فیصلے،میاں گل حسن سپریم کورٹ کے مستقل جج مقرر،سندھ و بلوچستان کے نئے چیف جسٹسز کی منظوری

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اعلیٰ عدلیہ میں اہم تقرریوں کا فیصلہ کرتے ہوئے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کر دیا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے نئے چیف جسٹسز کے ناموں کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے نئے چیف جسٹسز کے نام بھی منظور کر لیے گئے جبکہ جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب،جو اس وقت سپریم کورٹ میں عارضی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے کو مستقل جج کے طور پر نامزد کر دیا گیا۔اس اہم پیش رفت کے ساتھ ہی سندھ  ہائیکورٹ کے لیے جسٹس ظفر احمد راجپوت کو نیا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی جب کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس کامران خان ملاخیل کے نام پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے تین سینئر ججزجسٹس ظفر احمد راجپوت، جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس محمود اے خان کے ناموں پر تفصیلی غور کیا گیا جس کے بعد جسٹس ظفر راجپوت کو اس اہم منصب کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے بھی تین ناموں،جسٹس کامران خان ملاخیل،جسٹس اقبال احمد کانسی اور جسٹس شوکت علی درخشانی پر مشاورت کی گئی اور آخر کار جسٹس کامران ملاخیل کے نام کو منظوری دی گئی۔

اجلاس میں جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس عامر فاروق کریں گے۔اس کمیٹی میں اٹارنی جنرل، فاروق ایچ نائیک،بیرسٹر علی ظفر اور سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون شامل ہوں گے۔کمیٹی رولز میں ترامیم کا جامع مسودہ تیار کر کے کمیشن کے سامنے پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کی آئینی ذمہ داریوں،تقرریوں کے معیار اور میرٹ کے اصولوں پر بھرپور گفتگو کی گئی۔ تقرریوں کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات اب آئین کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کی جائیں گی،جہاں سے منظوری کے بعد انہیں صدر مملکت کے دفتر بھیجا جائے گا۔صدر کی جانب سے با ضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد مذکورہ ججز اپنے نئے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔جوڈیشل کمیشن کے ان فیصلوں کو ملک کی عدالتی تاریخ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،جن سے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے انتظامی اور عدالتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز