صوابی(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں بڑھتی ہوئی غیر اخلاقی سرگرمیوں اور مبینہ فحاشی کے خلاف جرگوں اور تاجر برادری نے بھرپور آواز بلند کر دی۔ امن چوک میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں مقررین نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر دیگر اضلاع اور صوبوں سے آ کر آباد ہونے والے خواجہ سراوں کو ضلع بدر کیا جائے،بصورت دیگر ڈی سی اور ڈی پی او دفاتر کے سامنے شدید احتجاج کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے بروقت کارروائی نہ کی تو جرگہ عمائدین اور تاجر برادری مجبوراً اپنے طور پر ایکشن لے گی اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری ضلعی حکام پر عائد ہوگی۔مقررین نے گزشتہ شب پولیس کی جانب سے چھاپے کے دوران درجنوں آوارہ عناصر اور خواجہ سراوں کی گرفتاری پر ڈی پی او ضیاد الدین احمد،ڈی ایس پی اعجاز ابازی اور ایس ایچ او سیدالامین خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے”پولیس زندہ باد”اور”خواجہ سراوں کو صوابی سے نکالو”کے نعرے لگائے۔احتجاجی شرکا کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت مختلف شہروں سے آنے والے خواجہ سرا صوابی کو بد کاری اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کا مرکز بنا چکے ہیں،جو مقامی امن اور نوجوان نسل کے اخلاق پر خطرناک اثر ڈال رہا ہے۔مقررین نے اس امر کو انتہائی شرمناک قرار دیا کہ یہ سرگرمیاں بعض اوقات مساجد کے آس پاس تک جا پہنچی ہیں۔شرکا نے اعلان کیا کہ اصلاحی جرگوں،تاجران اور خواجہ سراوں پر مشتمل دس رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو انہیں باعزت طریقے سے ضلع سے رخصت کرنے پر آمادہ کرے گی۔مظاہرین نے واضح کیا کہ وہ صوابی کے امن اور نوجوانوں کے اخلاق کو ہر حال میں بچائیں گے۔
صوابی میں فحاشی کے خلاف جرگے اور تاجروں کا اعلانِ جنگ، خواجہ سراؤں کی فوری بے دخلی کا مطالبہ
13