Home » مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج شدت اختیار کرگیا،مختلف شہروں میں دھرنے جاری،حافظ نعیم نے پنجاب حکومت کو بھی ا?ڑے ہاتھوں لے لیا

مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج شدت اختیار کرگیا،مختلف شہروں میں دھرنے جاری،حافظ نعیم نے پنجاب حکومت کو بھی ا?ڑے ہاتھوں لے لیا

by ahmedportugal
10 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج دسویں روز بھی جاری رہنے کے باعث مختلف شہروں میں دھرنے بدستور سیاسی منظرنامے کا اہم موضوع بن گئے ہیں۔لاہور،کراچی،پشاور اور دیگر شہروں میں کارکنان سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد احتجاج میں شریک ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی قیادت نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ دہراتے ہوئے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی سلسلہ دسویں روز میں داخل ہوگیا، لاہور،کراچی، پشاور اور دیگر شہروں میں دھرنے جاری ہیں جہاں جماعت اسلامی کے کارکنوں کے علاوہ خواتین،طلبہ،بچوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی احتجاج میں شریک ہیں۔احتجاجی دھرنوں سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر سخت تنقید کی اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مزید معاشی بوجھ ڈالنے کی گنجائش نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوامی مطالبات سننے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے حکمرانوں کے اخراجات کا بوجھ بھی عوام پر ڈال رہی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پنجاب حکومت نے 11 ارب روپے کا طیارہ خریدا،جسے انہوں نے حکومتی ترجیحات کی مثال قرار دیا۔امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام سے بات چیت کی جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے،یہ مطالبہ محض سیاسی نعرہ نہیں بلکہ عوام پر بڑھتے ہوئے مالی دباو کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مسلسل دباو میں رکھنے کی پالیسی مزید نہیں چل سکتی۔انہوں نے بتایا کہ احتجاجی تحریک کا دائرہ مختلف شہروں تک پھیل رہا ہے اور حیدرآباد میں بھی دھرنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی احتجاج ختم کرنے کے بجائے اسے مزید منظم اور وسیع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے،حکومت کی جانب سے دھرنوں کے باعث ٹریفک اور معمولات زندگی متاثر ہونے کی بات کی جاتی ہے تاہم ان کے بقول عوام کے معاشی مسائل اور مہنگائی نے بھی زندگی کو شدید متاثر کر رکھا ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ احتجاج کو پرامن انداز میں جاری رکھا جائے۔حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ صوبے میں تعلیمی نظام کے حوالے سے مطلوبہ اقدامات نہیں کیے جا رہے،نوجوانوں کے مسائل کو نظرانداز کرنے کے نتائج سنگین ہوسکتے ہیں اور حکومت کو نوجوان نسل کے مستقبل پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔امیر جماعت اسلامی نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے شوگر سیکٹر کے حوالے سے بھی حکومت پر سوالات اٹھائے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ شوگر مافیا اور حکومتی حلقوں کے درمیان مفادات کا گٹھ جوڑ موجود ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کے باوجود چینی کی قیمت میں اضافہ ہوا۔جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور اضافی لیوی براہ راست عام شہری کی زندگی، ٹرانسپورٹ کے اخراجات،کاروباری سرگرمیوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو متاثر کرتی ہے۔جماعت کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی مالی بوجھ کم کیا جائے۔دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں جاری دھرنوں کے باعث جماعت اسلامی کی احتجاجی سرگرمیاں مسلسل خبروں کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔جماعت اسلامی کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ مطالبات پر سنجیدہ پیش رفت تک احتجاجی سلسلہ جاری رکھنے کی حکمت عملی برقرار رہے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز