Home » مہنگا پیٹرول، بھاری ٹیکس اور عوامی غصہ،جماعت اسلامی سڑکوں پر،حافظ نعیم الرحمن کا اتوار کو چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ ہاوسز کے گھیراو کا اعلان

مہنگا پیٹرول، بھاری ٹیکس اور عوامی غصہ،جماعت اسلامی سڑکوں پر،حافظ نعیم الرحمن کا اتوار کو چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ ہاوسز کے گھیراو کا اعلان

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے،پٹرولیم لیوی اور بڑھتے ہوئے ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے،جن میں مختلف شہروں میں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔احتجاج کے دوران بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ اسلام آباد میں پولیس اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کی جانب سے راولپنڈی، کراچی،پشاور،کوئٹہ،لاہور،گوجرانوالہ،ڈیرہ غازی خان،سرگودھا،ٹھٹہ،مٹیاری،شکارپور،خیرپور،کندھ کوٹ،ٹنڈوالہ یار،ایبٹ آباد،ملاکنڈ سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے،جس کے باعث بعض علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چونگی نمبر 26 کے مقام پر راستہ کھلوانے کے معاملے پر پولیس اور جماعت اسلامی کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے پولیس پر زور دیا کہ وہ کارکنوں کو ہراساں کرنے کے بجائے امن و امان کی ذمہ داریاں پوری کرے۔

لاہور میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ نظام اپنی ناکامی کا اعتراف کر چکا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اپنی احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دے گی اور آئندہ مرحلے میں صوبائی دارالحکومتوں میں گورنر ہاوسز کے باہر دھرنے دیے جائیں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے ایک طرف پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جبکہ دوسری جانب ٹیکسز اور لیوی کا بوجھ بھی عوام پر ڈال دیا،عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاو کا جواز پیش کیا جاتا ہے لیکن جب عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی آتی ہے تو عوام کو اس کا فائدہ نہیں دیا جاتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت کم کر کے 225 روپے فی لیٹر تک لائی جائے،پٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور عوام پر عائد اضافی ٹیکسز میں کمی کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگے ایندھن نے عام شہری،کسان،طلبہ،مزدور اور چھوٹے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ رکشہ،چنگچی،اوبر ڈرائیورز،بائیکیا رائیڈرز اور عام شہری پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے براہ راست متاثر ہوتے ہیں لیکن حکمران طبقہ عوامی مشکلات کو سمجھنے سے قاصر ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے اپنے مالی مسائل کا بوجھ عام آدمی پر منتقل کر دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غریب خاندانوں کے لیے بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو چکا ہے،بچوں کی تعلیم،صحت اور روزمرہ اخراجات عوام کے لیے بڑا مسئلہ بن گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا نظام ہونا چاہیے جہاں عوام کی آواز سنی جائے اور فیصلے عوامی مفاد میں کیے جائیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی نے احتجاج کے دوران امن و امان کو برقرار رکھا اور کسی ایمبولینس یا ہنگامی سروس کا راستہ نہیں روکا۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ اتوار کو چاروں صوبوں میں گورنر ہاوسز کے باہر احتجاج کرے گی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں شریک ہوں۔انہوں نے کارکنوں سے سوال کیا کہ اگر انہیں مزید احتجاجی اقدامات کی کال دی جائے تو کیا وہ عوامی حقوق کے لیے میدان میں موجود رہیں گے۔انہوں نے موجودہ سیاسی و معاشی نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایسا نظام درکار ہے جس میں انصاف،شفافیت اور عوامی اختیار کو ترجیح دی جائے،جماعت اسلامی عوامی حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز