لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک) وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (پی ایس پی اے) اور چیئر، ایل آئی ایس ویمن لیڈرز فار سوشل پروٹیکشن،جہاں آراء منظور وٹو،پاکستان کی نمائندگی کے لیے دو روزہ گلوبل فورم آن کولیشنز فار ریفارمز میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی روانہ ہو گئی ہیں۔یہ فورم 16 اور 17 ستمبر 2025 کو ورلڈ بینک ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہو رہا ہے،جس میں دنیا بھر سے پالیسی ساز، حکومتی نمائندے،سماجی تحفظ کے ماہرین،علمی ادارے اور بین الاقوامی تنظیمیں شریک ہوں گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق فورم کا مقصد سماجی تحفظ کے شعبے میں اصلاحات، چیلنجز کا جائزہ،اجتماعی تعاون کو فروغ دینا اور پالیسیوں کے موثر نفاذ کے لیے نئے طریقہ کار اور تجربات کا تبادلہ ہے۔18 ستمبر کو پاکستانی وفد ورلڈ بینک کی ٹیم کے ساتھ ایک اہم ملاقات بھی کرے گا،جس کی قیادت جہاں آراء منظور وٹو کریں گی۔ اس موقع پر پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور ایڈاپٹو سوشل پروٹیکشن پر تفصیلی پریزنٹیشن دی جائے گی،جس میں چیلنجز اور عملی اقدامات پر روشنی ڈالی جائے گی۔گلوبل فورم میں شرکاء کو مختلف ڈلیوری لیبز،پینل ڈسکشنز اور ماہرین کے ساتھ نشستوں میں شامل ہونے کا موقع ملے گا تا کہ قیادت،باہمی تعاون اور سٹریٹجک کمیونی کیشن کے اہم موضوعات پر سیکھا جا سکے اور تجربات دوسروں تک منتقل کیے جا سکیں۔وائس چیئرپرسن پی ایس پی اے جہاں آراء وٹو نے کہا کہ ایل آئی ایس ویمن لیڈرز فار سوشل پروٹیکشن نیٹ ورک کو اجاگر کرنا پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے،یہ عالمی پلیٹ فارم خواتین کی قیادت کو مضبوط بنانے،انہیں عالمی سطح پر جوڑنے اور پالیسی سازی میں موثر طور پر شامل کرنے کا کام کر رہا ہے،پاکستان اس نیٹ ورک کی سربراہی کر رہا ہے اور دوران فورم موضوعاتی اجلاس کی قیادت بھی کرے گا۔مزید برآں، جہاں آراء منظور وٹو پی ایس پی اے کے بین الصوبائی فورم برائے سماجی تحفظ کے کامیاب ماڈل کو بھی عالمی سطح پر پیش کریں گی،جس سے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور اجتماعی اقدامات کو فروغ دینے کے بہترین عملی تجربات اجاگر ہوں گے۔
جہاں آراء وٹو گلوبل فورم برائے سماجی تحفظ میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے واشنگٹن روانہ
38